لاہور( نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے میو ہسپتال لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مبینہ طور پر شوہر کے ہاتھوں آگ لگا کر جھلسائی جانے والی خاتون اور اس کی تین کمسن بیٹیوں کی عیادت کی۔ حنا پرویز بٹ نے متاثرہ ماں اور بچیوں کی خیریت دریافت کی، اہل خانہ سے ملاقات کی اور یقین دلایا کہ حکومت پنجاب اس افسوسناک واقعے میں متاثرہ خاندان کو ہر ممکن قانونی، طبی اور نفسیاتی معاونت فراہم کرے گی۔حنا پرویز بٹ نے کہا کہ لاہور میں پیش آنے والا یہ واقعہ انتہائی دل دہلا دینے والا، سفاکانہ اور ناقابلِ برداشت ہے،
جس میں ایک ماں اور اس کی معصوم بچیوں کو بے رحمی سے نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے درندہ صفت ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں، عورت اور بچوں کو زندہ جلانے کی کوشش انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے اور ایسے مجرم کو قانون کے مطابق عبرت کا نشان بنایا جانا چاہیے۔چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد کے کسی بھی واقعے پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم شوہر کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے، اور حکومت اس امر کو یقینی بنائے گی کہ ملزم کو سخت ترین قانونی انجام تک پہنچایا جائے۔
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ گھریلو تشدد، خواتین کو زندہ جلانے کی کوشش، اور معصوم بچیوں کی جانوں سے کھیلنے جیسے جرائم کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے بدنما داغ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو شخص اپنی بیوی اور ننھی بچیوں پر پٹرول چھڑک کر
آگ لگا سکتا ہے، وہ کسی بھی قسم کی ہمدردی یا نرمی کا مستحق نہیں۔ ایسے سفاک مجرم کو قرار واقعی سزا دلوانا ریاست اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی اس کیس کی مکمل نگرانی کرے گی اور متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ”خواتین کے لیے محفوظ پنجاب” کے تحت ہر مظلوم خاتون اور ہر متاثرہ بچی کو تحفظ، انصاف اور ریاستی معاونت فراہم کرنا حکومت پنجاب کا مشن ہے۔ حنا پرویز بٹ نے کہا کہ خواتین پر ظلم کرنے والے، گھروں کو آگ کا جہنم بنانے والے اور معصوم جانوں کو نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
