بنوں( نمائندہ خصوصی :بی بی سی اردو ڈاٹ کام )پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع بنوں میں پولیس موبائل پر حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک جبکہ جوابی کارروائی میں دو عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔بنوں پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ ہوید پولیس موبائل معمول کی گشت پر تھی کہ زرگر ممہ خیل میں گھات لگا کر موبائل پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں دلنواز پولیس اہلکار موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ تین اہلکار زخمی ہوئے عسکریت پسندوں نے حملے کے بعد پولیس موبائل کو نذرآتش
بھی کیا۔ڈی آئی جی بنوں سجاد خان کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا گیا ہے اور جوابی کارروائی کے نتیجے میں دو عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ چار زخمی ہوئے ہیں۔ڈی آئی جی کے مطابق عسکریت ہسندوں کے قبضے سے دو موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئے ہیں۔سجاد خان نے مزید بتایا کہ عسکریت پسندوں کا ہر صورت پیچھا کیا جائیگا اور کہیں بھی چھپنے کی جگہ نہیں دی جائیگی۔ انھوں نے واضح کیا کہ
بزدلانہ ہتھکنڈوں سے پولیس کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے۔وزیر اعلی خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رہورٹ طلب کرلی ہے۔ انھوں نے ہلاک ہونے والے پولیس اہلکار کے لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی اور کہا کہ مُلک کے لیے جان دینے والے پولیس اہلکار کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔

