لاہور( نمائندہ خصوصی):وزیراعظم شہباز شریف نے امیر ترین طبقے کے زیر استعمال پر تعیش و لگژری گاڑیوں کے لیے ہائی آکٹین فیول پر لیوی میں 200 روپے فی لیٹر اضافے کی ہدایت کی ہے جس کے بعد ہائی آکٹین فیول پر 300 روپے فی لیٹر لیوی کا فوری اطلاق ہو گا۔ اس فیصلے سے حکومت کو 9 ارب روپے ماہانہ بچت ہو گی جس سے عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جائےۓ گا۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران
نے شرکت کی۔اجلاس میں امیر ترین طبقے کے زیر استعمال پر تعیش (لگژری) گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین فیول کے حوالےسے اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم نے عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہدایت کی کہ مہنگی ترین گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین فیول پر لیوی بڑھائی جائے۔ وزیراعظم نے امیر ترین طبقے کے زیر استعمال پر تعیش (لگژری) گاڑیوں پر موجودہ لیوی جو کہ 100 روپے فی لیٹر ہے، اس میں 200 روپے مزید فی لیٹر اضافے کا فیصلہ کیا۔اس فیصلے سے مہنگی ترین گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین فیول پر اب سے 300 روپے فی لیٹر لیوی کا اطلاق ہو گا۔ اس فیصلے سے حکومت کو 9 ارب روپے ماہانہ بچت ہو گی۔ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق عوام کو اس بچت سے ریلیف دیا جائے گا۔ بیان کے مطابق اس فیصلے سے معیشت پر بوجھ کم ہو گا ، عام آدمی کو ریلیف ملے گا اور ملک کا امیر ترین طبقہ یہ بوجھ اٹھائے گا۔واضح رہے کہ جہاں ایک طرف وزیراعظم کی ہدایت پر نچلے اور درمیانے طبقے کے زیر استعمال عام گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ایندھن کی قیمتیں نہیں بڑھائی گئی وہیں طبقۂ اشرافیہ کی لگژری گاڑیوں میں استعمال ہونے والے ہائی آکٹین فیول کی قیمت بڑھائی گئی ہے۔ بیان کے مطابق اس فیصلے سے پبلک ٹرانسپورٹ اور ہوائی جہازوں کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں ہو گا۔ ہائی آکٹین کی قیمتوں کے حوالے سے وزیراعظم نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ وزارت کو اس حوالے سے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی تھی۔

