اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعہ کو ناروے کے وزیر خارجہ ایسپین بارتھ ایڈے سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔جمعہ کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے مشرق وسطیٰ میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال اور اس کے خطے سمیت دنیا پر ممکنہ اثرات پر گہری تشویش کا
اظہار کیا۔دونوں رہنمائوں نے کشیدگی میں کمی، بین الاقوامی قانون کے احترام اور تمام مسائل کے حل کے لیے مکالمے او سفارت کاری کی طرف واپسی کی ضرورت پر زور دیا۔گفتگو کے دوران پاکستان اور افغانستان سے متعلق صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ ایسپین بارتھ ایڈے نے اسلام آباد میں امام بارگاہ میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا جبکہ دونوں رہنمائوں نے دہشت گردی کی ہر شکل اور مظہر کی مذمت کی۔دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اور دیگر امور پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
