لاہور( نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ خواتین پر اپنے خصوصی پیغام میں پنجاب سمیت دنیا بھر کی خواتین کوخراج تحسین پیش کیاہے اور کہاکہ میں صرف پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ نہیں بلکہ میں ہر اس عورت کی آواز ہوں جسے دبایا گیا تھا۔پنجاب کی بیٹی اب کمزور نہیں بلکہ ریاست کا مضبوط ترین بازو ہے، مظلوم نہیں معمارِ وطن ہے۔تعلیم، تحفظ اور صحت کی سہولت سے لے کر اقتدار کی راہداریوں تک آج پنجاب کی عورت بااختیار ہے۔پنجاب کی بیٹیوں کو صرف ‘اعداد و شمار’ نہیں رہنے دیا بلکہ انہیں پالیسی ساز، محافظ اور مفکر بنایا ہے۔میری نگرانی میں اب کسی کی جرات نہیں
کہ وہ پنجاب کی کسی بیٹی کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے- پنجاب کی بیٹیاں میری ”ریڈ لائن” ہیں ان کے تقدس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا- پنجاب کی عورت کو صرف خواب دیکھنا نہیں انہیں حقیقت بنانا سکھایا ہے-پنجاب میں بیوہ خواتین اب تنہا نہیں، میں ان کے لیے ‘رحمت کارڈ’ لا رہی ہوں – پنجاب کی خواتین کے لیے وائی فائی، لیپ ٹاپ، ای بائیکس اور ”ہونہار اسکالرشپ“ کو یقینی بنایا ہے-خواتین کی حفاظت کے لیے ‘پینک بٹن’ جیسے فول پروف اقدامات کیے-پنجاب میں پہلا ویمن ورچوئل پولیس سٹیشن قائم کیا جو دن رات خواتین کو تحفظ کے لیے کوشاں ہے-وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاہے کہ بارڈر ملٹری پولیس میں پہلی بار خواتین کی شمولیت میرے لیے باعث فخر ہے-جن خواتین کے پاس چھت نہیں تھی انکے لیے ”اپنی چھت، اپنا گھر“ کا وعدہ پورا کر رہی ہوں – خواتین اور انکے بچوں کے لیے پنجاب بھر میں ہیلتھ سیکٹر کو اپ گریڈ کر دیا- خواتین کو ”آسان کاروبار“، روزگار، پیڈ انٹرن شپس اور تربیت سے معاشی طور پر آزاد کیا جا رہا ہے-وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ پنک گیمز’ کے ذریعے پنجاب کی بیٹیوں کے ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر لے کر جا رہے ہیں -پنجاب کی ہر بیٹی کو اس مقام پر دیکھنا چاہتی ہوں جہاں وہ کسی کی محتاج نہ ہو-جب ایک عورت بااختیار ہوتی ہے، تو پوری نسل بااختیار ہوتی ہے-
