کراچی ( نمائندہ خصوصی)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت کے خلاف ہونے والے مظالم ناقابل برداشت اور ایرانی عوام و رہنماؤں کا جانی نقصان ناقابلِ قبول ہے.اپنے تعزیتی بیان
میں آفاق احمد نے کہا کہ ہر قسم کا ظلم و جارحیت قابل مذمت ہوتا ہے کیونکہ مظلوموں کی جانوں سے کھیلنے کی کوئی بھی کوشش کبھی بھی جائز نہیں ٹھہرتی، ایران کے خلاف جو کچھ اسرائیل کررہا وہ خطے کی تباہی کا سبب بن سکتا ہے جس کا خمیازہ پوری دنیا بھگتے گی. آفاق احمد نے کہا کہ ظلم کے خلاف آواز اٹھانا ہر باشعور فرد، تنظیم اور قوم کی اخلاقی ذمہ داری ہے، یہ وقت بیان بازی کے بجائے بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کا مطالبہ کرنے کا ہے، عالمی برادری انسانی جانوں کے تحفظ اور جنگ بندی کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔ انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سمیت دیگر شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ظلم کے خلاف کھڑے ہونا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے ،اگر آج اسرائیل کی بربریت کو نہ روکا گیا تو پھر یہ شعلے مزید بھڑکیں گے.
