اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جنگ کی صورت میں جارح کو ایک اور ذلت آمیز شکست کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ پیر کو نئے پارلیمانی سال کے آغاز پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ 2025ء کی پہچان معرکہ حق میں شاندار کامیابی ہے،اس معرکہ میں پاکستان نے بیرونی جارحیت کو ناکام بنایا، اللہ کے فضل سے یہ صرف عسکری فتح نہیں بلکہ قومی عزم کا اظہار تھا،ہم بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرتے ہوئے عسکری
اور سفارتی محاذوں پر کامیاب رہے اور عالمی برادری نے ہماری اصولی اور فیصلہ کن کارروائی کو تسلیم کیا۔صدرمملکت نے کہا کہ تنگ نظر بھارتی رہنما ایک اور جنگ کی تیاری کے دعویدار ہیں، علاقائی امن کے داعی کے طور پر ایسے اقدامات کو ہرگز مناسب نہیں سمجھتے تاہم جنگ کی صورت میں جارح کو ایک اور ذلت آمیز شکست کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ جنگ کے میدان سے مذاکرات کی میز کی طرف آئیں، یہی علاقائی سلامتی کا راستہ ہے۔
