اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر میں شرکت کی۔ تقریب میں ملک کی اہم سیاسی، سفارتی اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔افطار ڈنر میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف،سینیٹر محمد طلحہ محمود، وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ خان، وزیر مملکت برائے داخلہ محمد طلال بدر ،وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری، رکن
قومی اسمبلی خرم دستگیر خان و دیگر پارلیمنٹیرین سمیت ڈپلومیٹس، بیوروکریٹس، صحافیوں، معروف کاروباری شخصیات، سرمایہ کار اور تاجر بھی موجود تھے۔‘افطار کے دوران چیئرمین سینیٹ اور سعودی سفیر کے مابین پاک۔سعودی دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی صورتحال، اُمتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر سیر حاصل تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی، مضبوط اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور انہیں نئی جہتوں سے ہمکنار کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے خادمِ حرمین شریفین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہایت قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین مذہبی، ثقافتی اور سٹریٹجک روابط وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں جو باہمی اعتماد اور یکجہتی کی روشن مثال ہیں۔اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے کہا کہ سعودی عرب، پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں برادر ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کی ہے اور مستقبل میں بھی یہ تعاون مزید وسعت اختیار کرے گا۔

