اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):صدرِ مملکت کے ترجمان مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ 8 فروری کو صدرِ مملکت کی جانب سے افغانستان کی موجودہ صورتحال پر دیا گیا انتباہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر
ایک پوسٹ میں ترجمان نے کہا کہ صدر مملکت نے اپنے خطاب میں واضح کیا تھا کہ پاکستان افغانستان میں پیدا ہونے والی صورتحال پر سخت تشویش رکھتا ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ طالبان رجیم کے زیرِ انتظام حالات نائن الیون سے قبل جیسی صورتحال یا اس سے بھی زیادہ سنگین صورت اختیار کر چکے ہیں، جب دہشت گرد تنظیمیں عالمی امن کے لیے خطرہ بنی ہوئی تھیں اور بالآخر 9/11 جیسے المناک واقعے پر منتج ہوئیں۔صدر مملکت نے کہا تھا کہ پاکستان کا مشرقی ہمسایہ طالبان رجیم کی معاونت کر رہا ہے جس کے اثرات نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے اور عالمی امن پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔
