اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی):سپیشل کمیٹی آن جینڈر مین سٹریمینگ کا اجلاس بدھ کو یہاں چیئرپرسن کمیٹی ڈاکٹر نفیسہ شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسانی نے ادار ہ کے قیام، دائرہ اختیار، انتظامی ڈھانچے اور قانونی مینڈیٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔کمیٹی نےایف او ایس پی اے ایچ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعلیمی اداروں میں خواتین کے تحفظ کے حوالے سے حالیہ جرأت مندانہ فیصلوں کو قابل تحسین قرار دیا اور کہا کہ ان اقدامات سے احتساب اور ادارہ جاتی ذمہ داری کو فروغ ملا ہے،ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے صوبائی سطح پر ایف او ایس پی اے ایچ کے ادارہ جاتی ڈھانچے، افرادی قوت اور آپریشنل صلاحیت کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شکایت کنندگان کو بروقت اور آسان رسائی پر مبنی انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے محتسب کے دفتر، پولیس، لیبر ڈپارٹمنٹس، ہوم ڈپارٹمنٹس اور دیگر
متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی کی اہمیت اجاگر کی۔کمیٹی نے ہراسانی کی شکایات کے ازالے کے لئے ایک مشترکہ اور مربوط نظام قائم کرنے کی سفارش کی تاکہ کارروائیوں میں غیر ضروری تکرار اور تاخیر کو کم کیا جا سکے اور متاثرین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے ایف او ایس پی اے ایچ میں ایک خصوصی ریسرچ ونگ کے قیام کی تجویز بھی پیش کی تاکہ صنفی بنیادوں پر اعداد و شمار کا تجزیہ، پالیسی تحقیق اور قانون سازی میں معاونت ممکن ہو سکے۔چیئرپرسن نے زور دیا کہ ہراسانی کے خلاف قوانین اور پالیسیوں پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، ادارہ جاتی میکنزم کو فعال بنایا جائے اور شفاف مانیٹرنگ نظام متعارف کرایا جائے تاکہ دفاتر اور اداروں کو خواتین کے لیے محفوظ اور دوستانہ ماحول فراہم کیا جا سکے۔کمیٹی نے ہراسانی سے متعلق موجودہ پالیسی فریم ورک کا جامع جائزہ لینے اور اسے مزید مؤثر بنانے کی سفارش کی۔ مزید برآں کمیٹی نے ہدایت کی کہ مضبوط انسدادِ ہراسانی قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ تعلیمی اداروں میں خواتین کے لئے محفوظ، باوقار اور مساوی ماحول قائم کیا جا سکے۔کمیٹی نے ملک گیر آگاہی مہم چلانے کی بھی سفارش کی تاکہ عوام کو ہراسانی کے خلاف قوانین اور شکایات کے ازالے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں روایتی اور ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال اور جیسے ریگولیٹری اداروں سے تعاون پر زور دیا گیا۔اجلاس میں سینیٹر روبینہ قائم خانی، سینیٹر خالدہ عتیب، شاہدہ رحمانی ایم این اے اور شاہدہ بیگم ایم این اے سمیت وزارتِ انسانی حقوق اور وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
