اسلام آباد۔( نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب سے بدھ کویہاں امریکہ کے محکمہ خارجہ کے بیورو برائے جنوبی و وسط ایشیائی امور کے نائب معاون وزیر خارجہ جان مارک پومرشیم اورپاکستان میں تعینات امریکی ناظم الامور نیتالی اے بیکر نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے نائب معاون وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں امریکا کے دیرینہ تعاون اور شراکت کو سراہا۔ انہوں نے بالخصوص کثیرالجہتی مالیاتی فریم ورکس میں تعاون کو قابل قدر قرار دیا۔ فریقین نے پاکستان کی معاشی صورت حال، اصلاحات کے ایجنڈے اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر خزانہ نے وفد کو پاکستان میں معاشی استحکام اور اصلاحات کے عمل میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ
کرتے ہوئے پائیدار اور برآمدات پر مبنی ترقی کی جانب منتقلی پر توجہ مرکوز کرنے کے حکومتی وژن کی وضاحت کی۔ انہوں نے بتایا کہ مالیاتی خسارے میں کمی آئی ہے، ترسیلات زر میں مضبوط اضافے اور آئی ٹی برآمدات میں نمو کے باعث جاری کھاتہ بہتر ہوا ہے جبکہ کریڈٹ ریٹنگز میں بھی مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔ وزیرخزانہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت مالیاتی نظم و ضبط وبیرونی شعبے کے استحکام اور پائیدار ترقی کو سہارا دینے والی ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے عمل کو جاری رکھے گی۔انہوں نے بتایا کہ سرکاری ملکیتی اداروں میں اصلاحات اور سرکاری شعبے کے حجم میں کمی کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے تاکہ کارکردگی میں بہتری اور مالیاتی خطرات میں کمی لائی جا سکےوزیر خزانہ نے سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا بھی ذکر کیا اور حالیہ مقامی سرمایہ کاری کے اقدامات اور نجی شعبے کی بڑھتی ہوئی شمولیت کو اس کی مثال قرار دیا۔نائب معاون وزیر خارجہ نے مالیاتی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور اہم معاشی اشاریوں میں بہتری کاخیرمقدم کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ ایک مستحکم اور خوشحال پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانا دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کاروباری ادارے اصلاحاتی عمل کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور پالیسیوں میں تسلسل تجارتی سرگرمیوں کو مزید تقویت دے گا۔وزیر خزانہ نے غیر ملکی سرمایہ کاری کی سہولت کاری اور امریکی کاروباری برادری بشمول یو ایس چیمبر آف کامرس اور امریکن بزنس کونسل کے ساتھ مسلسل رابطے برقرار رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خزانہ نے نائب معاون وزیر خارجہ کو پاکستان کے بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس میں دوبارہ داخلے کے منصوبوں بشمول پانڈا بانڈ کے اجراء کے بارے میں بھی آگاہ کیا جو مالیاتی ذرائع کو متنوع بنانے کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے وزیر خزانہ نے نجکاری کے حوالے سے حکومتی عزم کا اعادہ کیا اورکہاکہ اس عمل کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ نجکاری کا عمل رفتار پکڑ رہا ہے اور آئندہ اقدامات میں بینکاری اور بجلی کی تقسیم کے شعبوں میں لین دین کے ساتھ ساتھ بڑے ہوائی اڈوں کی آئوٹ سورسنگ جس کا آغاز اسلام آباد سے ہوگا، شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ پیش رفت نے اصلاحات اور نجی شعبے کی شمولیت کے حوالے سے حکومت کے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے،فریقین نے تعمیری مکالمے کو سراہا اور پاکستان امریکہ اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے قریبی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
