لاہور(نمائندہ خصوصی):یومِ یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے خواجہ رفیق شہید فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں ایک پروقار تقریب کے انعقاد کرئے گی۔ اس سلسلے میں نامور سیاستدان اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے لاہور آرٹس کونسل الحمرا کا دورہ کیا۔اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا محمد نواز گوندل سے ملاقات کی، جس میں یومِ یکجہتی کشمیر کے تناظر میں منعقد ہونے والی
تقریب کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد نواز گوندل نے سابق وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق کو وزیراعلیٰ انیشیٹو پروگرام کے تحت الحمرا میں جاری تزئین و آرائش، بحالی اور بہتری کے مختلف منصوبوں کا دورہ کروایا۔ خواجہ سعد رفیق نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ثقافت دوست وژن اور پالیسیوں کو بھرپور انداز میں سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے یہ اقدامات نہ صرف ثقافتی اداروں کو نئی شناخت دے رہے ہیں بلکہ پاکستان کا مثبت اور مہذب تشخص عالمی سطح پر
مزید مضبوط ہو رہا ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد نواز گوندل نے خواجہ سعد رفیق کو الحمرا ہال نمبر ایک کا بھی دورہ کروایا، جہاں خواجہ رفیق شہید فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام یومِ یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے پروقار تقریب منعقد کی جائے گی۔ اس موقع پر محمد نواز گوندل نے یقین دہانی کروائی کہ لاہور آرٹس کونسل الحمرا اس قومی اور عوامی اہمیت کی حامل تقریب کے انعقاد میں مکمل تعاون فراہم کرے گا،خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت، قربانیوں اور جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے، اور اس حوالے سے ثقافتی اداروں کا کردار نہایت اہم ہے۔آخر میں دونوں شخصیات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ الحمرا جیسے قومی ثقافتی ادارے مستقبل میں بھی قومی یکجہتی، ثقافتی آگاہی اور عوامی شعور بیدار کرنے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔

