لاہور( نمائندہ خصوصی) :صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 10 سے 16 جنوری کے دوران پنجاب بھر میں سردی کی شدت میں اضافے کے امکان کے پیش نظر مناسب اقدامات کے لئے ضروری ہدایات پر مشتمل مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
اس ضمن میں ٹورازم ڈپارٹمنٹ، ایجوکیشن، ہیلتھ، زراعت، لوکل گورنمنٹ، فاریسٹ، سی اینڈ ڈبلیو، ٹرانسپورٹ، ریسکیو 1122، نیشنل ہائی وے اور پولیس ڈیپارٹمنٹ جیسے متعلقہ محکموں کو مراسلہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ 10 سے 16 جنوری کے دوران پنجاب بھر میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، پوٹھوہار ریجن میں شدید سردی کے
ساتھ برفباری کے امکانات ہیں۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ دھند و سموگ کی صورتحال میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ یونیورسٹیز، کالجز اور دیگر تعلیمی ادارے طلبا وطالبات کو سردی کے حوالے سے مناسب لباس کی ہدایات جاری کریں۔ کلاس رومز میں سردی سے بچا ئوکے لیے مناسب اقدامات اٹھائیں۔ تمام ہسپتال بالخصوص بیسک ہیلتھ یونٹس ادویات اور عملے کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سردی کی شدت سے خود کو محفوظ رکھیں۔ ماسک کا استعمال کریں اور غیر ضروری باہر نہ نکلیں۔
