لاہور۔( نمائندہ خصوصی) :وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت محفوظ ہاتھوں میں ہے، میکرو اکنامک اشاریئے بہتر ہو رہے ہیں، پوری دنیا کے مالیاتی ادارے پاکستانی معیشت کے معترف ہیں۔ ہفتہ کو یہاں جامعہ اشرفیہ میں مولانا فضل الرحیم کے انتقال پر تعزیت کے بعد وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مولانا فضل الرحیم کے درجات کی بلندی کے لئے دعا گو ہیں، مولانا فضل الرحیم کے ساتھ روحانی نسبت تھی، ان کی دینی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ان سے قریبی تعلق تھا، مولانا فضل الرحیم نے ہمیشہ شفقت کا معاملہ فرمایا، جامعہ اشرفیہ میں طلبہ کی دیکھ بھال کے لئے انہوں نے جدید نظام متعارف کرایا۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحیم کی دین کے لئے خدمات کا پوری دنیا میں اعتراف کیا جاتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر
اطلاعات نے کہا کہ میکرو اکنامک اشاریئے مسلسل بہتر ہو رہے ہیں، اللہ کا شکر ادا کرنا چاہئے کہ پاکستان ڈیفالٹ کے دھانے سے واپس آ چکا ہے اور آج دنیا کے مالیاتی ادارے پاکستان کی معیشت کے معترف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے، سٹاک مارکیٹ روز بروز ریکارڈ قائم کر رہی ہے، صرف دسمبر کے مہینے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 3.6 ارب ڈالر کی ترسیلات وطن بھجوائی ہیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 17 فیصد اور پچھلے ماہ کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور مہنگائی میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ الحمد اللہ پاکستان کی معیشت مضبوط ہاتھوں میں ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف اس کو لیڈ کر رہے ہیں جبکہ اس ضمن میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موثر ٹیم ورک کے باعث معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے اور ملک کے اندر معیشت کے حوالے سے مثبت ماحول موجود ہے۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان ٹانگے کی سواری ہے، اس سے آگے کچھ نہیں کہنا چاہتے۔
