اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے بنگلہ دیش ایئر فورس کے چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر سربراہ پاک بحریہ نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران باہمی پیشہ وارانہ دلچسپی کے امور، خطے کی بدلتی ہوئی
سکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے مختلف اقدامات کے ذریعے خطے میں میری ٹائم سکیورٹی اور استحکام کے لئے پاک بحریہ کی کاوشوں کو اجاگر کیا۔ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے پاک بحریہ کے اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کی تعریف کی اور دونوں برادر ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں اور مشترکہ تربیتی مشقوں کی اہمیت پر اتفاق کیا۔بنگلہ دیشی ایئر چیف کا یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعلقات کا عکاس ہے۔ قبل ازیں ایڈمرل نوید اشرف نے 2025 کے آخر میں بنگلہ دیش کا اہم دورہ کیا تھا۔
