اسلام آباد( نمائندہ خصوصی):الجزائر، بنگلہ دیش، سعودی عرب،ترکیہ،مصر، گیمبیا، انڈونیشیا، ایران، عراق، اردن، کویت، پاکستان سمیت مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے اپنے مشترکہ ا علامیہ میں 6 جنوری 2026 کو اسرائیلی عہدیدار کی جانب سے وفاقی جمہوریہ صومالیہ کے خطے “صومالی لینڈ” کے حالیہ غیر قانونی دورے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بین الاقوامی قانون کے مطابق صومالیہ کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور استحکام کے تحفظ کے لیے صومالیہ کی جانب سے کیے جانے والے سفارتی اور قانونی اقدامات کی حمایت جاری رکھیں گے۔جمعرات کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اسرائیل صومالیہ کی
خودمختاری، قومی اتحاد اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کرے اور بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کرےاور مطالبہ کرتے ہیں کہ اسرائیل کی جانب سے (صومالی لینڈ کو) تسلیم کرنے کا فیصلہ فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔ علامیہ میں وزرائے خارجہ کے 27 دسمبر 2025 کے گزشتہ بیان کو یاد کرتے ہوئے، جس میں وفاقی جمہوریہ صومالیہ کے خطے “صومالی لینڈ” کو اسرائیل کی جانب سے تسلیم کیے جانے کو مسترد کیا گیا تھا کہا گیا ہے کہ 6 جنوری 2026 کو اسرائیلی عہدیدار کی جانب سے وفاقی جمہوریہ صومالیہ کے خطے “صومالی لینڈ” کے حالیہ غیر قانونی دورے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ مذکورہ دورہ وفاقی جمہوریہ صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی ہے، اور مسلمہ بین الاقوامی اصولوں اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کو نقصان پہنچاتا ہے۔ وفاقی جمہوریہ صومالیہ کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ علیحدگی پسند ایجنڈوں کی حوصلہ افزائی ناقابلِ قبول ہے اور اس سے پہلے سے ہی نازک خطے میں تنائو بڑھنے کا خطرہ ہے۔ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ بین الاقوامی قانون کا احترام، خودمختار ریاستوں کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت اور سفارتی آداب کی پابندی علاقائی اور بین الاقوامی استحکام کے لیے ضروری ہے۔ پرامن بین الاقوامی روابط، تعمیری سفارت کاری اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کے لیے وفاقی جمہوریہ صومالیہ کے عزم کی تعریف کرتے ہیں۔بین الاقوامی قانون کے مطابق صومالیہ کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور استحکام کے تحفظ کے لیے صومالیہ کی جانب سے کیے جانے والے سفارتی اور قانونی اقدامات کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ اسرائیل صومالیہ کی خودمختاری، قومی اتحاد اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کرے اور بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اسرائیل کی جانب سے (صومالی لینڈ کو) تسلیم کرنے کا فیصلہ فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔
