لاہور(نمائندہ خصوصی) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) میں ’’جرنی آف قلندر‘‘ کے عنوان سے ایک خصوصی یوتھ موٹیویشن سیشن منعقد کیا گیا، جس میں سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔پرووسٹ یو ایم ٹی ڈاکٹر اصغر زیدی اور طلبہ کی بڑی تعداد نے سیشن میں بھرپور شرکت کی۔تقریب او پی اے اور یو ایم ٹی ٹی وی کے باہمی اشتراک سے منعقد کی گئی۔پرووسٹ یو ایم ٹی ڈاکٹر اصغر زیدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ
خصوصی عاطف رانا کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل اور دیگر غیر نصابی سرگرمیاں بھی طلبہ کی ہمہ جہت نشوونما کے لیے نہایت اہم ہیں۔سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے طویل، محنت اور جدوجہد سے بھرپور سفر پر روشنی ڈالی اور شکست سے کامیابی تک کے سفر کو طلبہ کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں صلاحیتوں اور ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف درست سمت میں رہنمائی اور مواقع فراہم کرنے کی ہے۔تقریب کے اختتام پر پرووسٹ یو ایم ٹی ڈاکٹر اصغر زیدی نے سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا کو سووینئر پیش کیا۔طلباء نے لاہور قلندرز کی ٹرافی کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

