لاہور( نمائندہ خصوصی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے ستھرا پنجاب پروگرام نے عالمی سطح پر ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔ عالمی جرائد بی بی سی، فوربز اور بلوم برگ کے بعد گلف نیوز نے بھی ستھرا پنجاب کو دنیا کا سب سے بڑا اور جامع ویسٹ مینجمنٹ نظام قرار دے دیا ۔گلف نیوز کے مطابق وزیرِ اعلی پنجاب نے کلائمیٹ اسمارٹ اربن گورننس میں نیا عالمی معیار قائم کیا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ جدت صرف ترقی یافتہ ممالک تک محدود نہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت روزانہ 50 ہزار ٹن کچرا ٹھکانے لگانے کے لیے 30 ہزار گاڑیاں جبکہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد ورکرزفیلڈ میں متحرک ہیں۔ ورکرز اور گاڑیوں کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے ساتھ آپریشن کو دنیا بھر کے لیے مثالی ماڈل قرار دیا گیا ہے۔اس پروگرام کے ذریعے ڈیڑھ لاکھ افراد کو باعزت روزگار فراہم کیے جا رہے ہیں۔کنٹریکٹرز کیلئے کے پی آئی بیسڈ پیمنٹ سسٹم شفافیت اور کارکردگی
میں اضافے کی بہترین مثال ہے۔ ستھرا پنجاب پروگرام مضبوط کمپلینٹس مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے عوامی شمولیت کو یقینی بنا رہا ہے۔ محمود بوٹی ڈمپ سائٹ پر 5 میگاواٹ سولر پارک اور اربن فاریسٹ پر کام جاری ہے، جبکہ مستقبل میں ری سائیکلنگ پلانٹس، 25 میگاواٹ ویسٹ ٹو انرجی منصوبہ اور دیگر ویسٹ ٹو ویلیو پراجیکٹس بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز ہیں۔گلف نیوز کے رپورٹ کے مطابق یو این ای پی اور جی جی جی آئی کے اشتراک سے کاربن مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق لینڈفلز کی تیاری جاری ہے، جس کے نتیجے میں سالانہ60 ہزار سے 90 ہزار ٹن کاربن کے اخراج میں کمی متوقع ہے۔مزید برآں ستھرا پنجاب کے تحت مشینری اور ٹیکنالوجی کی مقامی تیاری سے ملکی مہارت اور لوکل انڈسٹری کو فروغ ملا ہے۔ایس جی ایس کی تصدیق اور آئی ایس او سرٹیفیکیشنز کے ذریعے پنجاب کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔گلف نیوز کے مطابق وزیرِ اعلی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ گلوبل ساتھ بڑے پیمانے پر، ٹیکنالوجی سے لیس، عوامی خدمات کی فراہمی میں قیادت کر سکتا ہے، مضبوط سیاسی قیادت کسی بھی ویژن کو عملی حقیقت میں بدلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

