لاہور(نمائندہ خصوصی )پاکستان کی پہلی جامع ویٹ پالیسی بنانے کے لئے صوبوں کے ساتھ مشاورت کا عمل شروع کر دیا گیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پروزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے وفاقی وزیر برائے صنعت وپیداوار اورنیشنل فوڈ
سیکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی سیلاب متاثرین کے لئے انتھک محنت پر خراج تحسین پیش کیا۔ باہمی ملاقات میں ویٹ پالیسی پر مفصل تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پنجاب میں سیلاب کی صورتحال کے بعد اگلے سال کے لئے گندم کے سٹریٹجک ذخائر بہتر کرنے کیلئے اقدامات پر غور کیا گیا۔ ملاقات میں ویٹ مینجمنٹ سٹریٹجی اور روڈ میپ پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب میں گندم کی پیداوار میں اضافہ کے لئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
