لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبے کے ہر شہر اور ہر ضلع کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے بڑے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں صوبہ بھر میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسیوں کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی 26 اضلاع میں ایجنسیوں کے قیام پر کام کرے گی۔ سینئر منسٹر پنجاب مریم اورنگزیب کی ہدایات
پر گرین ایریاز بڑھا کر ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی ایکٹ کے تحت پی ایچ ایز کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا، موجودہ باغات کی بحالی اور نئے باغات قائم کیے جائیں گے، نرسریاں اور فلاور شاپس بنائی جائیں گی جبکہ شہریوں کے لیے تفریحی مقامات کو مزید پرکشش اور دلکش بنایا جائے گا۔ ترجمان محکمہ ہاؤسنگ سالانہ نمائشوں اور ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا، نجی محفلوں اور تقریبات کے لیے رینٹل سسٹم متعارف کروایا جائے گا اور باغات میں ریسٹورنٹس و کیفیز کے لیے جگہ بھی مختص کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ باغات کو "نو سموکنگ زون” قرار دیا جا چکا ہے اور اس پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہری خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
