اسلام آباد (نمائندہ خصوصی): صدر مملکت آصف علی زرداری اوروزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کیپٹن محمد سرور شہید (نشانِ حیدر)کوان کی 77ویں برسی پر شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 77برس قبل آج ہی کے دن کشمیر کی پہلی جنگ میں کیپٹن محمد سرور شہید نے مادرِ وطن کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیاتھا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ایوان صدر سے جاری ایک بیان میں آصف علی زرداری نے کہا کہ قوم کو کیپٹن محمد سرور شہید کی جرات، استقامت اور عظیم قربانی پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا محفوظ پاکستان ہمارے ہیروز کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم
کیپٹن محمد سرور شہید کی بہادری اور قربانی کو سلام پیش کرتی ہے، انہوں نے اپنی جان دے کر قومی دفاع کا ناقابلِ فراموش باب رقم کیا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ شہدا ء کی قربانیاں ملکی دفاع اور قومی استحکام کی بنیاد ہیں اور قوم کیپٹن محمد سرور شہید کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم کے بہادر سپوت کیپٹن سرور شہید نے جموں و کشمیر پر دشمن کے جارحانہ قبضے کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا،مجھ سمیت پوری قوم انہیں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ افواجِ پاکستان کے جوانوں نے ہمیشہ مادر وطن کے دفاع کو اپنی جانوں پر فوقیت دی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم آج ملک کے پہلے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے کیپٹن محمد سرور شہید کے یومِ شہادت پر انہیں ان کی جرت و بہادری پر خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ان کی شجاعت نے ایک ایسی مثال قائم کی جس پر عمل پیرا ہوتے ہوئے افواجِ پاکستان کے جوانوں نے ہمیشہ مادر وطن کے دفاع کو اپنی جانوں پر فوقیت دی،پاکستان کی غیور قوم اپنے شہدا ء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

