کراچی (نمائندہ خصوصی) ملک کی معروف نیورولوجسٹ ایپی لیپسی فاﺅنڈیشن اور گلوبل عافیہ موومنٹ کی سربراہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ عافیہ موومنٹ بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام جنگ نہیں، امن چاہتے ہیں لیکن وطن کا دفاع اور عزت و ناموس کی حفاظت آخری سانس اور خون کے قطرے تک کریں گے۔ پاکستان کے خلاف بھارتی جارحانہ کارروائیوں کے نتیجے میں دفاع وطن کے تقاضے اولیت اختیار کرگئے ہیں۔ عافیہ موومنٹ اپنی معمول کی
سرگرمیوں کے ساتھ قومی یکجہتی کے لئے فضا سازگار بنانے کا فریضہ بھی انجام دے گی۔ یاد رہے کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی بھی مادر وطن کے تحفظ کی طرح اہم فریضہ ہے ، عافیہ موومنٹ کا مقصد قوم کی بیٹی کو وطن لاکر قومی وقار بحال کرنا ہے اور اس وقت پاک فوج اور حکومت، بھارت کی جارحیت سے ملک کو بچانے کی کوششیں کررہے ہیں ان کا ساتھ دینا اور پشت پر کھڑے ہوکر حوصلے بڑھانا ہر محب وطن پاکستانی کا فرض ہے۔اور عافیہ موومنٹ اپنا درد،قوم کی بیٹی کا مسئلہ حل کرنے کی جدوجہد کے ساتھ ملک کے دفاع میں شانہ بشانہ کھڑی ہے ، ہاں ہم اس کے ساتھ ساتھ حکومت ، آرمی چیف اور پوری پارلیمنٹ اور تمام سیاسی جماعتوں کو یہ یاد دلاتے رہیں گے کہ عافیہ قوم کی بیٹی ہے ،قوم کی عزت ہے، قوم کی عزت کی حفاظت مادر وطن کی طرح فرض ہے اپنا یہ فرض حکومتوں نے اداکیا ہوتا تو اس قوم کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا تھا۔
