کراچی( نمائندہ خصوصی) بحیرۂ عرب میں6 روز قبل لانچ کو پیش آنےوالے حادثے کے نتیجے میں ڈوبنے والے ماہی گیروں میں سے چار کی لاشیں مل گئیں۔پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق سو سے زائد گھنٹوں کی تلاش کے بعد پی ایم ایس اے کے بحری جہاز رحمت پر تعینات عملے کو حجامڑو کریک کے قریب چار لاپتا ماہی گیروں کی لاش مل گئیں۔ماہی گیروں کی لاشیں شناخت اور لواحقین تک پہنچانے کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کردی گئی ہیں جبکہ باقی لاپتا ماہی گیروں کی لاشیں تلاش کرنے کے لیے پاکستان نیوی اور مقامی مچھیروں کی مدد سے سرچ آپریشن جاری ہے۔میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے مطابق لاپتا ماہی گیروں کی تلاش کے اس آپریشن میں انہیں پاکستان نیوی کی معاونت بھی حاصل تھی۔واضح رہے کہ بحیرۂ عرب میں 5 مارچ کو الاسد علی ( 2377-بی ) نامی لانچ حجامڑو کریک کے قریب ڈوب گئی تھی اور اس پر سوار ماہی گیر لاپتا ہوگئے تھے۔لاپتہ ماہی گیروں کے اہلخانہ نے تلاش میں تاخیر پر ابراہیم حیدری میں احتجاج بھی کیا۔