اسلام آباد(بیورو رپورٹ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام کو اپنا حق چاہیے تو 8فروری کو ترازو پر مہر لگانا ہو گی، جماعت اسلامی کی جیت عوام کی جیت ہے جب کہ تینوں حکمران پارٹیوں میں سے کسی کی جیت ملک کو مزید امریکی غلامی میں جکڑ لے گی۔ سیاسی آزادی کے لیے معاشی استحکام ضروری ہے، قرضوں کی یلغار نے ملک و قوم کی آزادی کو سلب کردیا۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر آئی ایم ایف کو الوداع کہے گی، دولت کی منصٖفانہ تقسیم یقینی بناکر اور سود کا خاتمہ کرکے پاکستان کو فلاحی ریاست بنائیں گے۔تیمر گرہ دیر پائین میں انتخابی جلسوں اور کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کامیاب ہوکر جاگیرداروں پر زرعی ٹیکس لگائیں گے، کاشتکاروں کو زمین اور مزدوروں کو کارخانہ منافع سے حصہ ملے گا۔ سابقہ حکمرانوں نے ملک میں صنعت اور زراعت کو تباہ کیا، زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان خوراک برآمد کرتا ہے، ہماری صنعتیں بند ہوچکی ہیں، مزدور اور کارخانہ مالک سب پریشان ہیں، استحصالی نظام نے عوام کی کمر توڑ دی، تعلیم کو طبقاتی بنایا گیا، حکمرانوں نے کوئی ایسا ہسپتال نہیں بنایا جہاں ان کا علاج ہو۔امیر جماعت نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے وسائل کی بجائے مسائل پیدا کیے، انہوں نے مل کر سب سے پہلے احتساب کا جنازہ نکالا تاکہ ان طاقتوروں کا کوئی احتساب نہ کرسکے۔ بے لاگ احتساب ہو تو باریوں کے طلبگار جیلوں میں ہوں۔ ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا، کرپٹ حکمران قوم کے اصل دشمن ہیں، الیکشن میں ہربار عوام سے دھوکہ کیا گیا، نئی نسل کا مستقبل داؤ پر لگانے والوں کا ووٹ کے ذریعے ہی احتساب ممکن ہے۔ انصاف، امن اور خوشحالی کی ضمانت صرف ترازو کی کامیابی ہے، عوام اس دفعہ دھوکے میں نہ آئیں۔امیر جماعت نے کہا کہ ملک کی کئی پارٹیاں خاندانوں پر مشتمل ہیں،اسلام میں خاندانوں کی حکمرانی کا کوئی تصور نہیں۔اسلامی نظام ہی ملک کے مسائل کا حل ہے۔ جماعت اسلامی کامیاب ہوکر پاکستانیوں کو قرآن وسنت کا نظام دے گی، قانون کی بالادستی یقینی بنائیں گے۔سراج الحق نے کہا کہ کسی قوم کی تقدیر اس وقت تک نہیں بدلتی جب تک وہ خود کوشش نہ کرے۔ موجودہ الیکشن میں قوم کے پاس بہترین موقع ہے کہ وہ جماعت اسلامی کے اہل اور ایماندار امیدواران کو ووٹ دیں۔ آزمودہ حکمرانوں کو مزید مواقع بھی مل گئے تو ملک ترقی نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت 10کروڑ پاکستانی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، 70 سے 80 فیصد آبادی کو پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں، مہنگائی بے روزگاری کے طوفان نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی، نوجوان مایوس ہے، ان تمام مسائل کا حل کرپٹ نظام اور اس کے چوکیداروں سے نجات میں ہے۔ خاندانوں کی پارٹیاں سٹیٹس کو برقرار اور جماعت اسلامی اسے توڑنے کے لیے میدان میں ہے۔سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی عوام کی خدمت کی، ہم نے فلسطین کا مقدمہ پوری طاقت سے لڑا، حکمران پارٹیوں کے لیڈروں کو توفیق تک نہیں ہوئی کہ غزہ میں مظالم کے خلاف کوئی بیان ہی جاری کر دیں، یہ سب واشنگٹن کا راضی رکھنا چاہتے ہیں، امریکا کی خوشنودی ہی پاکستان میں ان کے اقتدار پر براجمان رہنے کا ذریعہ ہے، جماعت اسلامی عوام کے تعاون سے امریکا کے وفاداروں کو شکست دے گی اور کامیاب ہو کر اہل فلسطین اور کشمیر کا مقدمہ پوری جرأت سے لڑے گی۔ انھوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کریں گے، انھیں سرکاری زرعی زمینیں الاٹ کی جائیں گی تاکہ وہ گرین پاکستان کی بنیاد رکھیں، جماعت اسلامی خواتین یونیورسٹیاں تعمیر کرے گی، تعلیمی نظام میں اصلاحات متعارف کرا کے اسے طبقاتی تقسیم سے پاک کریں گے۔