کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے جارجیا کے قومی دن کی تقریب میں شرکت کی۔ جارجیا کے اعزازی قونصل جنرل خواجہ مراد معشوق اللہ نے گورنر سندھ کا استقبال کیا۔ تقریب میں مختلف ممالک کے سفیروں بھی شریک تھے۔ ملاقات میں پاکستان اور جارجیا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے ، وفود کے تبادلوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مختلف شعبوں میں قریبی تعاون دونوں ممالک کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا، انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں سندھ اور جارجیا کو سسٹر اسٹیٹس قرار دینے کی منظوری خوش آئند ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ قرار داد کے تحت تعلیم، صحت، بزنس ڈیویلپمنٹ اور ماحولیات کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا، اس کے علاوہ سندھ اور جارجیا کی جامعات کے مابین قریبی تعاون اور اسکالر شپ بھی ممکن ہوسکے گی۔