ریاض ۔(نمائندہ خصوصی):سعودی عرب کے مفتیِ اعظم اور کونسل آف سینئر اسکالرز (علماء کمیٹی) کے سربراہ شیخ صالح الفوزان نے دنیا بھر کے مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ ذی الحجہ کے پہلے دس مبارک دنوں میں نماز، صدقہ و خیرات، روزے اور کثرت سے ذکرِ الٰہی جیسے نیک اعمال اور عبادات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق مفتیِ اعظم شیخ صالح الفوزان نے احادیثِ نبوی ﷺ کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ ان مبارک دنوں میں کیے
جانے والے نیک اعمال اللہ تعالیٰ کے ہاں سال کے کسی بھی دوسرے حصے میں کیے جانے والے اعمال سے زیادہ محبوب اور پسندیدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو ان دنوں میں فرائض کی پابندی اور گناہوں سے بچتے ہوئے، نفلی عبادات اور نیک اعمال کی کثرت کرنی چاہیے کیونکہ یہ دس دن اللہ تعالیٰ کی طرف سے اپنے بندوں کے لیے عظیم برکتوں کا سیزن ہیں۔مفتیِ اعظم نے عازمینِ حج کے علاوہ دیگر تمام مسلمانوں کے لیے یومِ عرفہ (9 ذی الحجہ) کے روزے کی فضیلت پر خصوصی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس دن کا روزہ رکھنا (گذشتہ اور آئندہ) دو سال کے گناہوں کا کفارہ بنتا ہے۔شیخ صالح الفوزان نے قربانی کا ارادہ رکھنے والے مسلمانوں کو شرعی احکامات کی یاد دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ جو لوگ قربانی (اضحیہ) پیش کر رہے ہیں، وہ ماہِ ذی الحجہ کا چاند نظر آنے کے بعد سے لے کر قربانی کی تکمیل تک اپنے بال، ناخن یا جلد کا کوئی حصہ کاٹنے سے مکمل گریز کریں۔

