مظفرآباد ( نمائندہ خصوصی) عزیر احمد غزالی نے بھارت کی جانب سے کشمیری خواتین رہنماؤں آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین اور صوفی فہمیدہ کو سنائی جانے والی سزاؤں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ظلم، ناانصافی اور انتقام کی بدترین مثال قرار دیا ہے۔چیئرمین پاسبان حریت جموں کشمیر عزیر احمد غزالی نے آج بھارتی عدالت سے کشمیری آزادی پسند خواتین راہنماؤں سیدہ آسیہ اندرابی کو دو مرتبہ عمر قید اور ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی کو 30,30 سال سزا سنائے جانے کو انسانیت کیخلاف کھلی دہشت گردی اور بدترین انتقام قرار دیا ہے ۔عزیر احمد غزالی نے اسیر کشمیری خواتین کو سزائیں سنائے جانے کیخلاف سخت
ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی عدالتوں کے حالیہ فیصلے نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں انصاف کا نظام غیر جانبدار نہیں رہا بلکہ وہ بھارتی ریاستی جبر کا آلہ کار بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ نہتے اور پُرامن سیاسی مؤقف رکھنے والی کشمیری آزادی پسند خواتین کو انتقام کا نشانہ بنانا دراصل پوری کشمیری قوم کی آواز دبانے کی منظم کوشش ہے مزید کہا کہ آسیہ اندرابی اور ان کی رفقاء نے ہمیشہ اپنے بنیادی اور تسلیم شدہ حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کی، مگر بھارت نے انہیں سچ بولنے کی سزا دیتے ہوئے طویل قید میں دھکیل دیا۔عزیر احمد غزالی نے بھارتی جیل میں سات برسوں سے قید صوفی فہمیدہ کے حوالے سے کہا کہ ایک کم عمر طالبہ کو بار بار قید و بند کا نشانہ بنانا، اس کی تعلیم اور زندگی کو تباہ کرنا، اور اب مزید 30 سال کی سزا سنانا عالمی ضمیر کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری خواتین کے خلاف ایسے فیصلے نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہیں بلکہ یہ بین الاقوامی قوانین اور انصاف کے بنیادی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی بھی ہیں۔ یہ اقدام واضح کرتا ہے کہ بھارت اختلافِ رائے کو برداشت کرنے کے بجائے اسے
طاقت کے ذریعے کچلنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔عزیر غزالی نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے پر زور مطالبہ کیا کہ وہ اس غیر منصفانہ فیصلے کا فوری نوٹس لیں، کشمیری سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے مؤثر کردار ادا کریں اور بھارت کو انسانی حقوق کی پاسداری پر مجبور کریں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کرسکتا کشمیری قوم اپنی جدو جہدِ آزادی ہر قیمت پر جاری رکھے گی اور آزادی ، حق خودارادیت اور انصاف کی فتح یقینی ہے۔۔۔۔

