روم۔(انٹرنیشنل ڈیسک):اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے بنائی جانے والی جعلی تصاویر (ڈیپ فیکس کے بڑھتے ہوئے رجحان پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کی تصاویر عوام کو آسانی سے دھوکہ دے سکتی ہیں۔ اردو نیوز کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز بیان میں کہا کہ میری کئی جعلی تصاویر مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کی گئیں اور انہیں سوشل میڈیا پر اس طرح پھیلایا گیا جیسے وہ حقیقی ہوں۔انہوں نے کہا کہ یہ تصاویر سیاسی مخالفین کی جانب سے پھیلائی جا رہی ہیں تاکہ انہیں نشانہ بنایا جا سکے۔ اطالوی وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جعلی تصویر شیئر کرتے ہوئے طنزیہ انداز بھی اپنایا اور کہا کہ
مجھے یہ تسلیم کرنا پڑے گا کہ جس نے یہ تصاویر بنائیں، کم سے کم اس مثال میں مجھے کچھ بہتر ہی بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ اب لوگوں پر حملہ کرنے اور جھوٹی معلومات پھیلانے کے لیے کسی بھی حد تک جایا جا رہا ہے۔ مسئلہ صرف میری ذات تک محدود نہیں بلکہ اس سے کہیں بڑھ کر ہے۔ڈیپ فیک ایک خطرناک ہتھیار ہے کیونکہ یہ دھوکہ دے سکتا ہے، لوگوں کو متاثر کر سکتا ہے اور کسی کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے۔ میں اپنا دفاع کر سکتی ہوں لیکن بہت سے لوگ ایسے ہیں جو ایسا نہیں کر سکتے۔ اطالوی وزیراعظم نے عوام پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا پر کسی بھی مواد کو قبول کرنے یا شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کریں۔انہوں نے کہا کہ ہمیشہ ایک اصول ہونا چاہیے، یقین کرنے سے پہلے تصدیق کریں اور شیئر کرنے سے پہلے سوچیں۔ یاد رہے کہ اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی اس مسئلے پر پہلے بھی قانونی کارروائی کر چکی ہیں۔ دو سال قبل انہوں نے ایک شخص کے خلاف ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کیا تھا، جس پر الزام ہے کہ اس نے ان کے چہرے کا استعمال کرتے ہوئے جعلی اور غیراخلاقی تصاویر تیار کیں اور انہیں آن لائن پوسٹ کیا۔ یہ مقدمہ تاحال چل رہا ہے۔

