واشنگٹن۔(نیوز ڈیسک):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے اپنے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے وائٹ ہاؤس میں اپنی دوسری مدت کے ابتدائی دس ماہ کے دوران آٹھ جنگیں ختم کرائیں جن میں پاک بھارت جنگ بھی شامل ہے۔100 منٹ سے زائد جاری رہنے والے خطاب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مئی 2025 میں پاکستان
اور بھارت کے درمیان ہونے والی فوجی جھڑپوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے انہیں بتایا کہ اگر لڑائی رکوانے کے لیے ان کی مداخلت نہ ہوتی تو 3 کروڑ 50 لاکھ افراد ہلاک ہو سکتے تھے۔امریکی صدر نے کہا کہ میں نے اپنے پہلے 10 ماہ میں آٹھ جنگیں ختم کیں جن میں پاکستان اور بھارت کی جنگ بھی شامل ہے جو ایک ایٹمی جنگ بن سکتی تھی۔ڈونلڈ ٹرمپ نے دیگر تنازعات کا بھی ذکر کیا جن کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ان کے حل میں کردار ادا کیا جن میں کمبوڈیا اور تھائی لینڈ، کوسووو اور سربیا، اسرائیل اور ایران، مصر اور ایتھوپیا، آرمینیا اور آذربائیجان، کانگو اور روانڈا اور غزہ کی جنگ شامل ہیں جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اب وہ ’’انتہائی کم سطح‘‘ پر جاری ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اندرون اور بیرون ملک سکیورٹی بحال کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم فخر کے ساتھ ملک کے اندر امریکیوں کی سلامتی بحال کر رہے ہیں اور بیرون ملک بھی امریکیوں کے لیے تحفظ یقینی بنا رہے ہیں، ہمارا ملک پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔

