واشنگٹن ( نمائندہ خصوصی):امریکاکے شمال مشرقی حصے میں شدید برفانی طوفان کے باعث 7ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ اردو نیوز کے مطابق نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی اور دیگر حکام نے رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ باہر نکلنے سے گریز کریں تاکہ عملہ سڑکوں کو صاف کر سکے۔اسی طرح نیویارک کے علاوہ قریبی علاقوں میں بھی سکول بند اور براڈوے تھیٹرز بند ہیں ۔ظہران ممدانی نے کہا ہے کہ نیویارک میں ہنگامی صورت حال برقرار ہے اور سفر سے متعلق ایڈوائزری بھی
موجود ہے۔محکمہ موسمیات سے منسلک ماہر موسمیات باب اورویک کے مطابق نیویارک سٹی کے سینٹرل پارک میں دوپہر ایک بجے تک 48 سینٹی میٹر سے زیادہ برف پڑی جبکہ بوسٹن میں 14 انچ تک برفباری ہوئی۔رپورٹس کے مطابق علاقے میں چلنے والی ہواؤں کی رفتار 40 سے 60 میل فی گھنٹہ تک پہنچ رہی ہے اور شدید برفباری بھی ہو رہی ہے۔باب اورویک کا کہنا ہے کہ جتنی برف پڑ چکی ہے اس کو ہٹانے میں شاید ایک ہفتہ لگے۔فلاڈیلفیا میں 14 انچ برف پڑی ہے جبکہ رہوڈ آئی لینڈ میں ہر طرف 32 انچ سے زیادہ برف کی تہہ جم گئی ہے، جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔پاور آؤٹ ایج یو ایس کے مطابق پیر کی سہ پہر تک 6 لاکھ 8 ہزار 711
گھر بجلی سے محروم تھے جبکہ میساچوسٹس بھی یہ تعداد لاکھوں میں ہے۔فلائٹ اویئر ڈاٹ کام کے مطابق پیر کی سہ پہر تک مختلف ایئرلائنز کی 7 ہزار 400 پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ مزید 2ہزار 300تاخیر کا شکار ہوئیں۔زیادہ تر پروازیں شمال مشرقی امریکا کے علاقوں میں منسوخ ہوئیں اور ان میں وہ پروازیں بھی شامل تھیں جنہوں نے جان ایف کینیڈی، لوگن اور نیو جرسی کے ہوائی اڈوں سے اڑان بھرنا تھی۔
