کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں نئے انٹرٹینمنٹ چینل کی جانب سے کل رات ایک میگا پروجیکٹ ‘جنٹلمین’ کا اعلان کیا، جس میں سپراسٹار ہمایوں سعید تقریبا4سال بعد دوبارہ ٹی وی اسکرین پر نظر آئیں گے جس میں وہ پہلی بار نامور فنکارہ یمنیٰ زیدی کے مدمقابل کام کررہے ہیں۔
ٰیہ سیریز باکمال رائٹر خلیل الرحمن قمر تحریر کررہے ہیں جوپیارے افضل، میرے پاس تم ہو اور صدقے تمہارے جیسی مقبول سیریز کے خالق ہیں۔ ‘جنٹلمین’کی ہدایات ایوارڈ یافتہ ڈائریکٹر حسام حسین دے رہے ہیں جنہوں نے گزشتہ سال کے دوران میں اکبری اصغری، داستان اور سپر ہٹ سیریز جو بچھڑ گئے جیسے پروجیکٹ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے ہیں۔
یہ شو ماں بیٹی ثمینہ ہمایوں اور ثنا شاہنواز کے ادارے نیکسٹ لیول انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے پروڈیوس کیا جارہاہے جس نے من مائل، الف اور صنف آہن جیسے بلاک بسٹر پروجیکٹ پیش کئے ہیں۔
مرکز ی کرداروں کی جوڑی کے ساتھ ‘جنٹلمین’کی باصلاحیت کاسٹ اپنے منفرد متوازی کردار ادا کرے گی جن کی اپنی ڈیولپمنٹ اور اسٹوری لائن ہیں۔اپنی انفرادیت اور چارم کی بدولت اس پروجیکٹ شو کی مجموعی کشش اور صداقت میں مزید اضافہ ہوگا۔
گرین انٹرٹینمنٹ ناظرین کیلئے گہری دلچسپی فراہم کرنے کے عزم پر کاربند ہے اور گزشتہ ہفتے اپنے افتتاح سے ہی منفرد مواد (کابلی پلاؤ، جیون نگر)فریش اسٹوری (تمہارے حسن کے نام) اور آف بیٹ کہانیوں (22قدم، ایڈیٹ) سے شوبز کی دنیا میں ہلچل مچادی ہے۔
‘جنٹلمین’ بہت جلد فلوز کی زینت بننے جارہی ہے۔