ممبئی ( شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کی سپر اسٹار مادھوری ڈکشت اور معروف گلوکار سریش واڈکر سے جڑی ایک پرانی مگر دلچسپ کہانی ایک بار پھر خبروں میں آگئی ہے۔ بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ایک وقت ایسا بھی آیا تھا جب مادھوری ڈکشت کی جانب سے سریش واڈکر کو شادی کی پیشکش سامنے آئی تھی، تاہم یہ رشتہ انجام تک نہ پہنچ سکا۔حال ہی میں Sahitya Aaj Tak 2025 کے اسٹیج پر گفتگو کے دوران سریش واڈکر نے اس طویل عرصے سے زیرِ بحث قصے کی تصدیق کی۔ ان کے مطابق مادھوری ڈکشت کے والدین نے ان کے فلمی کیریئر کے آغاز کے دنوں میں شادی کی تجویز پر بات کی تھی، جب مادھوری ہندی
فلم انڈسٹری میں نئی نئی آئی تھیں۔بات چیت کے دوران فلم پرندہ سے جڑے اس واقعے کا ذکر ہوا تو سریش واڈکر نے مزاحیہ انداز میں کہا:“مادھوری بھی یہ پروگرام دیکھے گی۔ اگر کبھی ہمارا آمنا سامنا ہوا تو وہ مجھے بہت مارے گی۔”سریش واڈکر نے مزید بتایا کہ یہ معاملہ کبھی کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچا۔ شاعرانہ انداز میں انہوں نے کہا:“خدا جانے کیا ہوا، یہ پتنگ کس نے اڑائی معلوم نہیں، مگر سچ یہ ہے کہ وہ پتنگ آج بھی ہوا میں لٹکی ہوئی ہے۔ اگر مادھوری مجھ سے شادی کرتیں تو کیا آج وہ میرے ساتھ نہ ہوتیں؟”ان کے اس بیان پر حاضرین نے بھرپور قہقہے لگائے۔کئی برسوں سے گردش کرنے والی رپورٹس کے مطابق مادھوری ڈکشت کے والدین چاہتے تھے کہ وہ فلمی دنیا میں مکمل طور پر مصروف ہونے کے بجائے جلد سیٹل ہو جائیں۔ انڈسٹری میں یہ بھی چرچا رہا کہ سریش واڈکر نے مادھوری کے دبلا پتلا ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے اس پیشکش کو رد کر دیا تھا۔ واضح رہے کہ سریش واڈکر مادھوری ڈکشت سے عمر میں تقریباً 11 سال بڑے تھے، تاہم اس وقت دونوں جانب سے کوئی باضابطہ بیان
سامنے نہیں آیا تھا، جس کے باعث افواہیں طویل عرصے تک چلتی رہیں۔بعدازاں مادھوری ڈکشت نے بھارتی سنیما میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کیں اور 1980 اور 1990 کی دہائی میں صفِ اوّل کی اداکاراؤں میں شمار ہوئیں۔ 1999 میں انہوں نے امریکی کارڈیو ویسکولر سرجن ڈاکٹر شری رام نینے سے شادی کی۔ شادی کے بعد بھی مادھوری نے اداکاری جاری رکھی اور فلمیں لجا، ہم تمہارے ہیں صنم، آجا نچلے، گلاب گینگ اور ڈیڑھ عشقیہ میں نمایاں کردار ادا کیے۔مادھوری ڈکشت اور ڈاکٹر شری رام نینے کے دو بیٹے آرین اور ریان نینے ہیں۔ مادھوری اکثر سوشل میڈیا پر اپنے بچوں کے ساتھ گزارے گئے لمحات کی جھلکیاں شیئر کرتی رہتی ہیں۔ واضح رہے کہ مادھوری ڈکشت اس وقت 58 برس کی ہیں اور آج بھی اپنے فن اور شخصیت کے باعث مداحوں کے دلوں پر راج کر رہی ہیں۔
