ممبئی( شوبز ڈیسک)سلمان خان کے بھائی سہیل خان ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 58 سالہ سہیل خان نے اپنی 35 سالہ دوسری اہلیہ کے نام کا اردو ٹیٹو اپنے کاندھے پر بنوا لیا ہے، جس کی تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔وائرل تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سہیل خان نے بڑے اور واضح انداز میں اردو رسم الخط میں
اہلیہ کا نام کندھے پر کندہ کروایا ہے، جسے مداحوں کی جانب سے محبت کے اظہار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ کچھ صارفین نے اردو زبان کے انتخاب کو سراہا، جبکہ بعض نے اسے ذاتی معاملہ قرار دیتے ہوئے ملے جلے تبصرے کیے۔یاد رہے کہ سہیل خان ماضی میں بھی اپنی ذاتی زندگی اور خاندانی معاملات کے باعث خبروں میں رہ چکے ہیں، تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ انہوں نے محبت کے اظہار کے لیے اردو ٹیٹو کا انتخاب کیا ہو۔ تصویر وائرل ہونے کے بعد فین پیجز اور انٹرٹینمنٹ پورٹلز پر اس خبر پر خاصی بحث جاری ہے۔سوشل میڈیا پر مداحوں کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ ستاروں میں اردو زبان کا استعمال کم ہوتا جا رہا ہے، ایسے میں سہیل خان کا یہ قدم قابلِ توجہ ہے، جبکہ ناقدین کے مطابق ذاتی فیصلوں کو غیر ضروری شہرت نہ دی جائے۔

