وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ امریکہ کے حوالے سے حالیہ دنوں میں بحث میں تیزی آئی ہے۔ آج کی اس ڈیجیٹل دنیا میں، حقیقی پالیسی سازی پر مبنی گفتگو اکثر مبالغہ آرائی، تنقید، قیاس آرائیوں اور سیاسی شور و غل کی نذر ہو جاتی ہے۔تاہم، جب تاریخ لکھی جائے گی تو قوموں کا فیصلہ نعروں سے نہیں بلکہ اس بات سے ہو گا کہ جب عالمی فیصلے ہو رہے تھے تو انہوں نے خود کو تنہا رکھا یا ان کا حصہ بنے۔لہٰذا، 18 اور 19 فروری 2026 کو واشنگٹن میں وزیراعظم کی شرکت کو ایک وسیع تناظر میں سفارتکاری ، امن سازی اور بدلتی ہوئی دنیا میں پاکستان کی تذویراتی اہمیت کو دیکھنا ضروری ہے ۔عالمی میڈیا کی رپورٹس اس بات کی تصدیق کرتی ہیں کہ وزیراعظم شہباز شریف واشنگٹن میں "بورڈ آف پیس” کے افتتاحی سربراہی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔ یہ ایک کثیر الجہتی فورم ہے جس میں جنگ کے بعد کے استحکام اور تعمیرِ نو، خاص طور پر غزہ کے حوالے سے بات چیت متوقع ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق، اس میں 20 سے زائد ممالک شامل ہیں اور اس فورم کا مقصد انسانی ہمدردی اور تعمیرِ نو کے ان وعدوں کو مربوط بنانا ہے جو مبینہ طور پر 5 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں۔یہ دورہ ایک سادہ سی وجہ سے اہم ہے کہ پاکستان وہاں موجود ہے جہاں عالمی فیصلے کیے جا رہے ہیں، وہ باہر بیٹھ کر تماشا نہیں دیکھ رہا۔ خارجہ پالیسی کا مطلب ہر اقدام سے اتفاق کرنا نہیں ہوتا بلکہ اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہوتا ہے کہ جب بین الاقوامی پالیسی کے ڈھانچے تشکیل پا رہے ہوں تو آپ کے ملک کی آواز وہاں موجود ہو۔ناقدین اکثر ایسے دوروں کو محدود زاویے سے دیکھتے ہیں
لیکن پاکستان کی سفارت کاری کی تاریخ ہمیشہ تنازعات کے حل اور انسانی ہمدردی کے مسائل پر مرکوز رہی ہے۔اقوام متحدہ کے امن مشن میں سب سے زیادہ فوج دینے والے ممالک میں شامل ہونے سے لے کر علاقائی بحرانوں پر مذاکرات کی مسلسل اپیلوں تک، پاکستان نے ہمیشہ تنہائی کے بجائے متحرک رہنے کے ذریعے اپنی اہمیت برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے۔رپورٹس کے مطابق، آئندہ اجلاس غزہ کی تعمیرِ نو اور بین الاقوامی ہم آہنگی پر مرکوز ہے۔ پاکستان جیسے ملک کے لیے جس کی خارجہ پالیسی نے مستقل طور پر فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت کی ہے، ایسی بات چیت میں شرکت کرنا محض اختیاری نہیں بلکہ ایک سفارتی ذمہ داری ہے۔امریکی تجارتی نمائندے کے مطابق 2024 میں پاک امریکہ مجموعی تجارت تقریباً 10.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئی جو دونوں ممالک کے درمیان مستحکم اقتصادی تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔ امریکہ کو پاکستان کی برآمدات، خاص طور پر ٹیکسٹائل اور تیار شدہ مصنوعات، ملک میں روزگار کا ایک بڑا ذریعہ ہیں۔اس کا مطلب یہ ہے کہ واشنگٹن کے ساتھ سفارتی تعلقات برقرار رکھنا براہِ راست برآمدات میں اضافہ،صنعتی ملازمتیں،غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد اور معاشی استحکام سے جڑا ہے۔ وہ لوگ جو سفارتی تعلقات کو کمزوری قرار دیتے ہیں، وہ اس حقیقت کو نظر انداز کرتے ہیں کہ "اقتصادی سفارت کاری” ہی روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہے۔ایک ایسے وقت میں جب دنیا تیزی سے تقسیم ہو رہی ہے، سفارت کاری کوئی عیاشی نہیں بلکہ ضرورت ہے۔ پاکستان اس وقت خاموش تماشائی بننے کا متحمل نہیں ہو سکتا جب عالمی فیصلے کیے جا رہے ہوں۔ واشنگٹن میں وزیراعظم شہباز شریف کی موجودگی پاکستان کی ذمہ داری، اعتماد اور عالمی سطح پر اس کے فعال کردار کی نمائندگی کرتی ہے۔تعمیری مذاکرات کسی قوم کو کمزور نہیں کرتے بلکہ یہ اس کی آواز کو مضبوط بناتے ہیں، اس کے مفادات کا تحفظ کرتے ہیں اور معاشی مواقع اور عالمی تعاون کے دروازے کھولتے ہیں۔ قیادت کا اصل امتحان واضح مقصد اور قومی وقار کے ساتھ بیٹھنا ہے۔
