اسلام آباد (شِنہوا) پاکستان میں چینی سفارت خانے نے تصدیق کی ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں منگل کو ہونے والے ایک دہشت گرد حملے میں5 چینی اور ایک پاکستانی شہری ہلاک ہوگیا ہے۔سفارت خانے نے ایک بیان میں بتایا کہ دوپہر 1 بجے (مقامی وقت) کے قریب صوبے میں ایک چینی کمپنی کے تعمیر کردہ داسو پن بجلی گھر منصوبےکی ایک گاڑی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔بیان میں پاکستان میں چینی سفارت خانہ اور قونصل خانے اس دہشت گردانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے دونوں ممالک کے متاثرین کے لواحقین سے گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چین اس واقعے کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔خیبرپختونخوا پولیس ذرائع نے شِنہوا کو بتایا کہ یہ واقعہ صوبے کے شانگلہ علاقے میں پیش آیا تھا۔ حملہ آورنے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی کو ایک قافلےجسے سیکورٹی فورسز کی پانچ گاڑیاں اپنی حفاظت میں لے کر جارہی تھیں سے ٹکرادیا۔ذرائع نے بتایا کہ حملے کے بعد 13 گاڑیوں پر مشتمل قافلے کی ایک گاڑی میں آگ لگ گئی اور وہ کھائی میں جا گریواقعے کے بعد زخمیوں کو اسپتال منتقل کرکے تحقیقات کے لئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔بیان کے مطابق پاکستان میں چینی مشنز نے فوری ہنگامی ردعمل پر کام شروع کردیا گیا۔ پاکستان سے کہا گیا ہے کہ وہ حملے کی مکمل تحقیقات کرے اور مجرموں کو کڑی سزا دے۔سفارت خانے نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کے تحفظ کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کئے جائیں تاکہ ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوسکیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں چینی سفارت خانے اور قونصل خانے پاکستان میں چینی شہریوں اور کمپنیوں کو یاد دہانی کراتے ہیں کہ وہ مقامی سلامتی کی صورتحال پر گہری نگاہ رکھیں سیکیورٹی کی سطح بہتر بنائیں، حفاظتی اقدامات مضبوط کریں اور حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہرممکن کوشش کریں۔ابھی تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔صدرآصف علی زرداری نے بھی اس واقعے کی مذمت کی ہے اور سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ان کا ملک پاک ۔ چین دوستی کے دشمنوں کو اپنے مشن میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گا۔