ردیگ(نمائندہ خصوصی) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نےتحصیل مند کے علاقے ردیگ میں مند۔پشین۔بارڈر مارکیٹ اور 100 میگاواٹ گبد-پولان بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو بھی موجود تھے۔ وزیراعظم شہبازشریف کے گوادر پہنچنے پر بلوچستان کے وزیراعلی ٰ عبدالقدوس بزنجو نے ان کا خیرمقدم کیا جس کے بعد وزیراعظم مند۔پشین۔ بارڈر مارکیٹ کے افتتاح کے لئے تحصیل مند کے علاقے ردیگ پہنچے جہاں پر ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے وزیراعظم کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماﺅں نے گرم جوشی سے مصافحہ کیا۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے مند۔ پشین۔ بارڈر مارکیٹ کا افتتاح کیا اور دونوں رہنماﺅں نے مارکیٹ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور دوستی کی علامت کے طورپر پودا بھی لگایا۔ بارڈر مارکیٹ کے قیام سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ میں مدد ملے گی۔ سرحد کے دونوں اطراف رہنے والے لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور سمگلنگ کی روک تھام کی جا سکے گی۔اس کے علاوہ بھی حکومت مزید 5 بارڈر مارکیٹس پربھی کام کر رہی ہے جن کو جلد تجارت کیلئے کھول دیا جائے گا۔