جام شورو / سیوہن / شہید بینظیرآباد ( نمائندگان )وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہمارے لوگ مون سون کی شدید بارشوں / سیلاب کے سبب بڑی مشکل میں ہیں، سیلاب متاثرین کی مددکرنے پر پنجاب کے دوستوں کا شکرگزار ہوں۔ یہ بات انہوں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کے ساتھ درگاہ لعل شہباز قلندررحہ پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر پنجاب نے لعل شہباز قلندر رحہ کی مزار پر چادر چڑھائی، فاتح خوانی کی اور ملک و قوم کی ترقی کے لیے دعائیں کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا کہ سندھ صوبے میں شدید بارشوں / سیلاب سے بڑی تباہی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سے نجی شعبے کے لوگوں نے سامان عطیہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم 11000 خاندانوں کیلئے راشن لائے ہیں جبکہ مزید بھی سیلاب متاثرین کی مدد کی جائے گی۔


گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے یہاں بڑی محبت سے نوازا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا سیوہن شریف کے سیلاب متاثر علاقوں کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمارے لوگ سیلاب کی تباہی کی وجہ سے بہت مشکل میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں پنجاب کے دوستوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے سیلاب متاثرین کی مدد کی۔ میڈیا کے سوالات کا جوابات دیتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا کہ عمران خان نے کبھی سیلاب متاثر علاقوں پر توجہ نہیں دی ، ان کا صرف مقصد اقتدار حاصل کرنا ہے۔ وہ الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں مگر انتخابات اپنے وقت پر ہی ہونگے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ پانی کی نکاسی مکمل ہو۔ 70 فیصد پانی نکل چکا ہے اور مزید بھی نکال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ربیع کی فصل لگائی جاسکے۔ کراچی میں پیش ہونے والے واقع سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مچھر کالونی کا واقعہ افسوسناک ہے اور ہم قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائینگے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم متاثرین کے گھروں کی تعمیر کیلئے ورلڈ بینک سے 500 ملین ڈالرز کا لون حاصل کر رہے ہیں، گھروں کی تعمیر کے لئے اسکیم مختلف فورمز سے منظور ہو چکی ہے۔ ہم گھروں کی تعمیر انتہائی شفاف کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں گندم کا بیج دینا چاہتی ہیں، لیکن بجائی شروع ہوچکی ہے اور ہم کاشتکاروں کی بھرپور مدد کرینگے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اسوقت سیاست سے زیادہ عوام کی مدد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے لانگ مارچ کو پنجاب حکومت کی حمایت حاصل ہونے کے باوجود پزیرائی نہیں ملی۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کے ہمراہ سیہون شریف کے سیلاب متاثر علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پرایم این اے سکندر راہپوٹو،پیپلز پارٹی رہنماء امان ا للہ شاہانی، کمشنر حیدرآباد ندیم الرحمان میمن ، ڈی آئی جی حیدرآباد سید پیر محمد شاہ ، ڈی سی جامشورو کیپٹن رٹائرڈ فرید الدین مصطفیٰ ،ایس ایس پی عمران قریشی اور دیگر اعلیٰ افسران انکے ہمراہ تھے- قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا بھولاری ایئربیس، جامشورو پر استقبال کیا۔
بعد ازاں شہباز ایئر بیس سیوہن پر وزیراعلیٰ سندھ اور گورنر پنجاب کا علاقے کےایم این ایز، ایم پی ای اور معززین نے استقبال کیا ۔ بعد ازیں وزیراعلیٰ سندھ گورنر پنجاب کے ساتھ گوٹھ قادر بخش بھالائی، گوٹھ بگل بوزدار، گوٹھ علی گوہر بوزدار اور منچھر کا دورہ کیا جہاں لوگوں نے ان کا شاندار استقبال کیا اور وزیراعلیٰ سندھ، گورنر پنجاب اور چیئرمین پیپلز پارٹی کے حق میں نعرے لگائے۔ گورنر پنجاب اور وزیراعلیٰ سندھ نے ان سیلاب زدہ علاقوں کے خواتین اور حضرات میں راشن تقسیم کیا۔ سید مراد علی شاہ اور بلیغ الرحمان نے سیلاب متاثرین کے ساتھ کھانا بھی کھایا۔ بعد ازاں سیوہن میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ساتھ سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کا دورہ کیا اور مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں کی عیادت کی ۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے وہاں آپریشن تھیٹر کا افتتاح بھی کیا۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کو ایئرپورٹ پر رخصت کیا ۔ بعدازاں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سیوہن کے سیلاب ذرہ علاقے کا فضائی جائزہ لیتے ہوئے پانی کی نکاسی کا معائنہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ70 فیصد پانی کی نکاسی ہوچکی ہے اور باقی نکاسی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نشیبی علاقوں سے پمپنگ مشین کے ذریعے نکاسی کی جارہی ہے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ایم این اے سکندر راہپوٹو کے ساتھ شہید بینظیر آباد پہنچ گئے جہاں پر ایم پی اے خان محمد ڈاہری کی دستاربندی کی رسم ادا کی اور خان محمد ڈاہری کو سردار کی پگ باندھنے کے بعد مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ سردار کی حیثیت سے خان محمد ڈاہری اپنے قبیلے کی بھرپور رہنمائی کرینگے۔

