اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گِل پر تشدد کے الزامات پر سینیٹ کا ماحول گرم ہوگیا۔سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شہزاد وسیم نے شہباز گل پر تشدد کے الزامات سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ساری دنیا نے شہباز گِل کی ویڈیوز دیکھی ہوں گی، اپنی مرضی کا بیان دلوانے کے لیے یہ سب کچھ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں شہباز گِل عمران خان کے خلاف بیان دیں، موجودہ فاشسٹ حکومت کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہے۔اس پر وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے شہزاد وسیم کو جواب دیا کہ اگر ایک بندہ بغاوت کے مقدمے میں گرفتار ہے تو اسے پھولوں کے ہار پہنائے جائیں، رانا ثنا اللہ پر 15 کلو ہیروئن ڈالتے ہوئے آپ لوگوں کا منہ کالا نہیں ہوا تھا۔ نذیر تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ تشدد کا پوچھنا ہے تو پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے کارکنوں سے پوچھیں۔

