کوئٹہ ( نمائندہ خصوصی)رکنِ صوبائی اسمبلی بلوچستان عوامی پارٹی کے شعبہ خواتین کی سربراہ اور ایمان پاکستان ٹرسٹ کی چیئرپرسن محترمہ فرح عظیم شاہ نے اپنے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور بے شمار قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے۔ اللہ تعالیٰ کا بے حد شکر ہے کہ ہمارے وطن میں ہر وہ نعمت موجود ہے جس کی کسی بھی ملک کو ضرورت ہو۔ بلوچستان، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور کشمیر، ہر خطہ 
اپنی منفرد خوبصورتی، ثقافت، قدرتی وسائل اور صلاحیتوں کے باعث پاکستان کی طاقت ہے۔ ہمارے ملک میں ایسی کوئی چیز نہیں جس کی کمی ہو، ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہم اپنی توجہ اپنے وطن کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح پر مرکوز کریں۔بدقسمتی سے ہم اکثر دنیا کے مسائل کے حل میں دلچسپی لیتے ہیں، جبکہ ہمیں سب سے پہلے اپنے ملک کے مسائل کو ترجیح دینی چاہیے۔ اگر ہم اپنی توانائیاں پاکستان کی تعمیر، ترقی اور استحکام پر صرف کریں تو ملک مزید مضبوط اور خوشحال بن سکتا ہے۔فرح عظیم شاہ نے مزید کہا کہ ان کا تعلق بلوچستان سے ہے اور وہ نوجوانوں کی مثبت رہنمائی اور انہیں قومی ترقی کے عمل میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے متحرک کرنے پر کام کر رہی ہیں۔ ہمیں بلوچستان کے مسائل، عوام کی مشکلات اور زمینی حقائق کا مکمل ادراک ہے۔
