کوئٹہ ( نمائندہ خصوصی)رکنِ صوبائی اسمبلی۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے شعبہ خواتین کی سربراہ ۔اور ایمان پاکستان ٹرسٹ کی چیئرپرسن محترمہ فرح عظیم شاہ نے اپنے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو کوئی بھی نقصان نہیں پہنچا سکتا، کیونکہ یہ ملک اللہ تعالیٰ کے نام پر قائم ہوا ہے اور ان شاء اللہ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔دشمن پاکستان کے خلاف سازشیں کرتا رہے گا، تاہم ان سازشوں کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے عوام میں بروقت شعور
اور آگاہی پیدا کرنا ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ذمہ داری حکومت، متعلقہ اداروں اور بالخصوص آئی ایس پی آر سمیت تمام قومی اداروں کی ہے کہ وہ درست معلومات ہر شہری تک پہنچائیں۔دیہی علاقوں اور دور دراز آبادیوں میں رہنے والی مقامی برادریوں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، جیسے فیس بک اور ایکس (سابقہ ٹوئٹر)، تک وہ رسائی حاصل نہیں جو شہروں میں موجود لوگوں کو میسر ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ بلدیاتی نظام اور مقامی اداروں کے ذریعے عوام تک براہِ راست رسائی حاصل کی جائے۔مقامی سطح پر مؤثر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں، بلدیاتی نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے اور اس عمل کو اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) اور ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کی سطح تک فعال بنایا جائے تاکہ قومی بیانیہ، درست معلومات اور عوامی آگاہی ہر گاؤں اور ہر کمیونٹی تک پہچایا جائے۔

