راولپنڈی(نمائندہ خصوصی):سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں ترقی اور عوامی خدمت کا نیا دور شروع ہوا ہے اور صوبے بھر میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں، جدید طبی سہولتوں، تعلیمی اصلاحات اور فلاحی پروگراموں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔ مریم نواز شریف عوام کو ان کے مطالبات سے پہلے ہی ان کا حق دینے پر یقین رکھتی ہیں جبکہ لاہور کے نواز شریف کینسر ہسپتال کی طرز پر راولپنڈی میں بھی جدید کینسر ہسپتال قائم کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمرشل مارکیٹ اور راجہ بازار کے دورے کے موقع پر کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری، رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، رکن قومی اسمبلی ملک ابرار، سابق میئر راولپنڈی سردار نسیم خان، رکن صوبائی اسمبلی راجہ محمد حنیف، ضیاء اللہ شاہ، ملک افتخار، شازیہ رضوان، زیب النساء اعوان، حاجی پرویز خان سمیت مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں، کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مریم اورنگزیب نے
اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں لاہور، راولپنڈی، ٹیکسلا، گوجر خان، ڈی جی خان، وہاڑی، ملتان، بہاولپور، سرگودھا اور دیگر شہروں میں بازاروں کی بیوٹیفکیشن کے منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں جن کے نتیجے میں شہریوں کو صاف ستھرے، منظم اور جدید تجارتی مراکز میسر آئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) 2027 کے تحت راجہ بازار کے لیے پارکنگ پلازہ بھی منظور کر لیا گیا ہے جس سے ٹریفک اور پارکنگ کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف کے ادوار میں راولپنڈی میں میٹرو بس، راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (آر آئی سی)، کڈنی اسپتال، تعلیمی اداروں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں نے شہر کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا جبکہ کچہری چوک انڈر پاس منصوبہ، راولپنڈی رنگ روڈ، گرین الیکٹرک بس سروس، ستھرا پنجاب پروگرام اور دیگر عوامی فلاحی منصوبے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ترقیاتی وژن کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے شہریوں کو جدید سفری سہولتیں، بہتر ٹریفک نظام، صاف ستھرا ماحول اور معیاری شہری سہولتیں میسر آ رہی ہیں جبکہ راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں ترقی کا سفر کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نوجوانوں کو لیپ ٹاپ، ہونہار اسکالرشپس اور جدید تعلیمی سہولتیں فراہم کر رہی ہیں، سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج کی معیاری سہولتیں بہتر بنائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کو نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ بنایا جا رہا ہے اور 11 جدید اسپتالوں کے قیام پر کام جاری ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی برس کے دوران پنجاب میں 42 ہزار کلومیٹر سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں جبکہ سیف سٹی منصوبے کو تمام تحصیلوں تک توسیع دی جا رہی ہے تاکہ شہریوں، بالخصوص خواتین، بچوں اور بزرگوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت بے گھر افراد کو رہائش کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ایسے خاندانوں کے لیے بھی خصوصی اسکیمیں متعارف کرائی گئی ہیں جن کے پاس اپنی ذاتی زمین موجود نہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے معیشت، خارجہ پالیسی، امن و امان اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کیا ہے۔ انہوں نے افواج پاکستان، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، شہداء اور غازیوں کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ریلوے کی بہتری کے لیے بھرپور محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کا کشمیری عوام کے ساتھ تعلق محض سیاست کا نہیں بلکہ اعتماد، محبت اور خدمت کا رشتہ ہے جس کی گواہی آزاد کشمیر میں مکمل ہونے والے متعدد ترقیاتی منصوبے دیتے ہیں۔ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور عوامی فلاح کے کئی منصوبے نواز شریف کے ادوار حکومت کی یادگار ہیں۔مریم اورنگزیب نے آزاد کشمیر کے عوام، خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں تاکہ ترقی اور عوامی خدمت کا سفر آزاد کشمیر میں بھی جاری رہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور مسلم لیگ (ن) ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی نے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا شاندار استقبال کرنے پر تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے راولپنڈی کی ترقی کے لیے اربوں روپے کا ترقیاتی بجٹ فراہم کیا جس کے نتیجے میں شہر میں متعدد بڑے منصوبے مکمل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں سیوریج کی بہتری، بازاروں کی بیوٹیفکیشن اور دیگر شہری ترقی کے منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں جن سے شہریوں کو بہتر سہولتیں میسر آئی ہیں۔

