اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ پاور سیکٹر میں موثر فیصلہ سازی کے لیے قابل اعتماد اور مربوط ڈیٹا ناگزیر ہے، ڈیٹا گورننس کونسل جدید، شفاف اور جوابدہ حکمرانی کی بنیاد فراہم کرنے کے علاوہ پاور سیکٹر میں ڈیٹا کے یکساں معیارات اور موثر انتظام کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پبلک سیکٹر کی پہلی ڈیٹا گورننس کونسل کے اجلاس کے
دوران کیا جہاں پاور سیکٹر میں موثر، شفاف اور جدید ڈیٹا گورننس کے فروغ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر کو ڈیٹا گورننس کونسل کے مجوزہ ادارہ جاتی ڈھانچے پر بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر نے کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کونسل کو مکمل استعداد کے ساتھ فعال بنایا جائے۔ وفاقی وزیر توانائی نے ہدایت کی کہ ڈیٹا گورننس کونسل کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں تاکہ مختلف امور پر پیش رفت کا مسلسل جائزہ لیا جا سکے۔انہوں نے کونسل کے موثر اور بروقت فیصلوں کے لیے ایگزیکٹو ورکنگ کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی جو کونسل کے فیصلوں پر عملدرآمد اور پیش رفت کی نگرانی کرے گی۔اویس لغاری نے کہا کہ ڈیٹا کا موثر استعمال بجلی کے شعبے میں بہتر کارکردگی، وسائل کے دانشمندانہ استعمال اور موثر منصوبہ بندی کو فروغ دے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاور سیکٹر میں ڈیجیٹل گورننس اور ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
