اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے چین کے شیڈونگ گروپ کارپوریشن کے چیئرمین ہاؤجیان شِن نے ملاقات کی جس میں پاکستان کے توانائی کے شعبے میں تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق ملاقات کے دوران ہاؤ جیان شِن نے پاکستان کی توانائی ویلیو چین میں سرمایہ کاری میں اپنی کمپنی کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور طویل المدتی سٹریٹجک شراکت داری کی تجویز پیش کی۔انہوں نے بتایا کہ شینڈونگ گروپ اپ سٹریم آئل اینڈ گیس آپریشنز بشمول فیلڈ آپٹیمائزیشن، ڈرلنگ سروسز اور پیداوار میں اضافے کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی اور مہارت رکھتا ہے اور پاکستان میں ہائیڈروکاربن کی پیداوار بڑھانے کے لئے تعاون کا خواہاں ہے۔چیئرمین شینڈونگ گروپ نے ریفائنریوں کی جدیدکاری بالخصوص فرنس آئل کو اعلی قیمت کی ریفائنڈ پٹرولیم مصنوعات میں تبدیل کرنے کے لئے فلوئیڈ کیٹالیٹک کریکنگ (ایف سی سی) یونٹ
کی تنصیب میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان میں توانائی سے متعلق آلات کی تیاری کے ایک پیداواری مرکز کے قیام کی تجویز بھی پیش کی جو نہ صرف ملکی ضروریات پوری کرے بلکہ مشرق وسطیٰ کی منڈیوں کے لئے برآمدات کا ذریعہ بھی بن سکے۔ انہوں نے آف شور آئل کی تلاش اور ترقی کے شعبے میں کمپنی کی مہارت سے آگاہ کرتے ہوئے پاکستان کے آف شور سیکٹر میں مشترکہ تعاون کی تجویز پیش کی۔انہوں نے لیڈ مائننگ، سلفر پروسیسنگ پلانٹ کے قیام اور پاکستان کے ساحلی علاقوں میں مربوط انرجی سٹیز کے قیام سے متعلق تجاویز بھی پیش کیں۔ان توانائی پر مبنی صنعتی مراکز میں ایل این جی انفراسٹرکچر، پٹرولیم ذخیرہ گاہیں اور پٹروکیمیکل صنعتیں شامل ہوں گی جن کا مقصد صنعتی ترقی اور توانائی کے تحفظ کو فروغ دینا ہے۔ وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان توانائی کے شعبے کا جامع جائزہ لے رہا ہےجس کا مقصد توانائی کے تحفظ کو مضبوط بنانا، سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور پورے شعبے میں ویلیو ایڈیشن کو بڑھانا ہے۔انہوں نے شینڈونگ گروپ کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت قابل عمل سرمایہ کاری کی تجاویز کو عملی شکل دینے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔وفاقی وزیر نے پٹرولیم ڈویژن کوچینی کمپنی کی تمام تجاویز پر فوکل پرسنز مقرر کر کے فوری پیشرف کی ہدایت کی تاکہ کمپنی کے ساتھ رابطے کو مؤثر بنایا جا سکے اور تجاویز پر بروقت پیشرفت یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے شینڈونگ گروپ کی پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اس نوعیت کی شراکت داریاں پاکستان کی معاشی ترقی اور توانائی کے شعبے کی تبدیلی میں نمایاں کردار ادا کریں گی۔

