کوئٹہ ( نمائندہ خصوصی)رکن صوبائی اسمبلی؛ بلوچستان عوامی پارٹی ویمن ونگ کی سربراہ اور ایمان پاکستان ٹرسٹ کی چیئرپرسن محترمہ فرح عظیم شاہ نے بلوچستان اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ کئی ماہ سے مکران ڈویژن کے مسائل پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب "ایمان پاکستان” کا میلہ منعقد کیا
گیا تو مکران ڈویژن سے 70 سے 75 نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو شرکت کے لیے مدعو کیا گیا۔فرح عظیم شاہ نے بتایا کہ ان نوجوانوں سے تفصیلی گفتگو کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ان کے سب سے بڑے مسائل معاشی ہیں۔ بے روزگاری، غربت اور محدود مواقع نے نوجوان نسل کو شدید پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور ترقی کے مواقع میسر نہ ہوں تو وہ مجبوری کے تحت دوسرے راستوں کی طرف دیکھنے لگتے ہیں۔بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں اور انہیں مایوسی کے اندھیروں میں دھکیلنے کے بجائے امید، تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر نوجوانوں کے معاشی مسائل حل کر دیے جائیں تو وہ ملک و قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور ایک روشن مستقبل کی بنیاد رکھ سکتے ہیں

