اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوام اور کاروباری برادری کے لیے ریلیف کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ مالی سال کا بجٹ تشکیل دینے پر حکومتی بالخصوص وزارت خزانہ کی ٹیم کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ میں قوم سے کئے ہوئے وعدے کے مطابق تنخواہ دار طبقے، کاروباری برادری اور عوام کو بھرپور ریلیف فراہم کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے حکومت کی معاشی ٹیم کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی
وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی ، سیکریٹری خزانہ، چیئر مین ایف بی آر اور پوری حکومتی ٹیم کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ میں قوم سے کئے ہوئے وعدے کے مطابق تنخواہ دار طبقے، کاروباری برادری اور عوام کو بھرپور ریلیف فراہم کیا، معاشی ٹیم کی اس حوالے کوششیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اشاریوں میں بہتری کے ثمرات ملک کے ہر شہری تک پہنچائے جائیں گے۔ معاشی ٹیم نے وزیراعظم کی جانب سے ستائش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے محدود مالی وسائل کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ معاشی ٹیم کے ارکان نے وزیراعظم کی بجٹ کی تیاری میں تمام سٹیک ہولڈرز سے بجٹ تجاویز کے حوالے سے ملاقاتوں ، عوامی ریلیف کیلئے ہدایات اور آئی ایم ایف سے عوام کے ریلیف کیلئے اقدامات کے حوالے خود دلچسپی لے کر معاملات سلجھانے پر شکریہ ادا کیا ۔معاشی ٹیم نے وزیراعظم کی ہدایت کے تحت بجٹ کی تیاری کے حوالے سے متعدد اجلاس منعقد کئے اور تمام طبقہ فکر سے رہنمائی لی تاکہ ایک متوازن بجٹ پیش کر کے عوام اور محروم طبقات کو ریلیف دیا جا سکے۔ معاشی ٹیم نے وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
