اسلام آباد۔ (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان 23 جون 2026ء کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ڈاکٹر پزشکیان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ہوگا جس میں وزراء اور دیگر سینئر حکام شامل ہوں گے۔پیر کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران ایرانی صدر پزشکیان صدر پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے اور وزیراعظم کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات کریں گے۔چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ بھی ایرانی صدر سے ملاقات کریں
گے۔ایران کے صدر کی حیثیت سے ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا یہ پاکستان کا دوسرا دورہ ہوگا۔اس دورے کے دوران دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیں گے اور تجارت، توانائی، سرحدی سلامتی، عوامی روابط اور علاقائی رابطہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے نئی راہوں کا جائزہ لیں گے۔یہ دورہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد جاری سفارتی روابط نیز باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کا بھی اہم موقع فراہم کرے گا۔یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے اور خطے میں امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ خواہشات کو اجاگر کرتا ہے۔
