کوئٹہ ( نمائندہ خصوصی)رکنِ صوبائی اسمبلی بلوچستان محترمہ فرح عظیم شاہ نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پورے پاکستان، وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کو مبارکباد پیش کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس دانشمندی اور مؤثر سفارتی کردار کے ذریعے پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور امن کے
قیام کی کوششوں میں اپنا مثبت کردار ادا کیا، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل سے یہ بھرپور امید ہے کہ جس سنجیدگی اور عزم کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے گئے، اسی جذبے کے ساتھ بلوچستان کے غریب، محروم اور پسماندہ عوام کے دیرینہ مسائل کے حل پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ صوبے کے عوام کو بھی ترقی، خوشحالی اور بنیادی سہولیات میسر آ سکیں۔فرح عظیم شاہ نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کو عوامی مفاد میں ایسے مؤثر قانون سازی کرنی چاہیے جو عام آدمی، خصوصاً غریب طبقے کی زندگی میں حقیقی آسانیاں پیدا کرے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ وہ کئی اہم نکات پر اظہارِ خیال کرنا چاہتی تھیں، تاہم وقت کی کمی کے باعث مختصر گفتگو پر اکتفا کیا۔

