اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)چیئرمین سینیٹ، سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے اپنی رولنگ میں اہم سفارتی پیش رفت پر جمعہ کو ملک بھر می ’’یومِ تشکر‘‘ منانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مقصد کے لئے مناسب انتظامات کیے جائیں تاکہ امن، استحکام، سفارتی کامیابیوں اور علاقائی و عالمی ہم آہنگی کے فروغ میں پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر اور خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔جمعرات کو چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی زیرِ صدارت سینیٹ اجلاس کے دوران وفاقی بجٹ 2026-27 پر بحث ہوئی۔ اجلاس میں سینیٹر حافظ عبدالکریم نے امریکہ اور ایران کے درمیان متوقع امن معاہدے اور حالیہ مثبت سفارتی پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔اس موقع پر سینیٹر حافظ عبدالکریم نے ایوان میں تجویز پیش کی
کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی جانب سے علاقائی اور عالمی امن کے فروغ، کشیدگی میں کمی اور سفارتی روابط کے استحکام کے لیے کی جانے والی کاوشوں کے اعتراف میں جمعہ کے روز ملک بھر میں ’’یومِ تشکر‘‘ منایا جائے، جنہیں بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اس تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن، مکالمے اور سفارت کاری کا مضبوط داعی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی قیادت کی دور اندیش پالیسیوں اور پاکستان کی مثبت سفارتی کوششوں نے عالمی سطح پر ملک کے مثبت تشخص کو مزید مستحکم کیا ہے۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ علاقائی تنازعات کا پائیدار حل تصادم کے بجائے مذاکرات، باہمی احترام اور مؤثر سفارتی روابط کے ذریعے ہی ممکن ہے۔اپنے رولنگ میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جمعہ کے روز ملک بھر میں ’’یومِ تشکر‘‘ منانے کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں تاکہ امن، استحکام، سفارتی کامیابیوں اور علاقائی و عالمی ہم آہنگی کے فروغ میں پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر اور خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔چیئرمین سینیٹ نے امید ظاہر کی کہ حالیہ سفارتی پیش رفت خطے میں دیرپا امن کے قیام میں معاون ثابت ہوگی اور عوام کے لیے معاشی استحکام، تعاون اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔

