کراچی (نمائندہ خصوصی)اہلسنت والجماعت کراچی ڈویژن کے زیرِ اہتمام ماہ محرم الحرام کی مناسبت یکم محرم تا10 محرم الحرام عشرہ فاروقؓ و حسین ؓ منایاجائے گا ،شہدائے کربلا، بالخصوص حضرت سیدنافاروق اعظم ؓاورحضرت سیدنا حسینؓ کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیاجائے گا ہےکانفرنس میں نامور علمائے کرام، مشائخ عظام، نعت خواں حضرات اور اہلسنت کےتمام مسالک اور مختلف شعبہ جات کے قائدین نے شرکت کریں گے مرکزی صدر اہلسنت والجماعت پاکستان علامہ اورنگزیب فاروقی، کراچی ڈویژن کے صدر علامہ رب نواز حنفی، جنرل سیکریٹری علامہ تاج محمد حنفی، ترجمان کراچی مولانا عمر معاویہ اور دیگر رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ یکم محرم الحرام کو سسرِ رسول ﷺ، دامادِ بتولؓ، خلیفۂ ثانی امیرالمؤمنین سیدنا عمر فاروق اعظمؓ کا یومِ شہادت ملک بھر میں نہایت عقیدت،
احترام اور شان و شوکت سے منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سیدنا عمر فاروق اعظمؓ کی دینِ اسلام کے لیے بے مثال خدمات، عدل و انصاف کے سنہری نظام، فتوحاتِ اسلام اور امتِ مسلمہ پر ان کے عظیم احسانات کو اجاگر کرنے کے لیے ملک بھر میں جلسے، سیمینارز، کانفرنسیں، محافلِ ذکرِ صحابہؓ، خصوصی خطابات اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔رہنماؤں نے کہا کہ یکم محرم الحرام کو سرکاری سطح پر یومِ شہادت سیدنا عمر فاروقؓ منانے اور عام تعطیل کے مطالبے کے حق میں مختلف شہروں میں جلوسِ مدحِ صحابہؓ بھی نکالے جائیں گے۔ اسی سلسلے میں شہر کراچی میں اہلسنت والجماعت کراچی ڈویژن کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان جلوسِ مدحِ صحابہؓ لسبیلہ چوک سے تاریگل چوک تک نکالا جائے گا، جس میں علماء کرام، مشائخ عظام، دینی و سماجی شخصیات اور ہزاروں عاشقانِ صحابہؓ شرکت کریں گے۔ جلوس کے شرکاء سیدنا عمر فاروق اعظمؓ کی عظیم دینی، ملی اور تاریخی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے اور صحابۂ کرامؓ سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کریں گے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام اسلامی سال کا آغاز ہے، اس مقدس مہینے میں تمام مسلمانوں کو اتحاد، اخوت، رواداری اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز کے پیش نظر وقت کا تقاضا ہے کہ پوری قوم اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے متحد ہو جائے۔رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قانون کی پاسداری کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی، شرپسندی اور نفرت انگیز سرگرمیوں کی مخالفت کی جائے گی اور محرم الحرام کو امن، بھائی چارے اور مذہبی احترام کے ماحول میں گزارنے کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔انہوں نے حکومتِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں، مجالس اور مذہبی اجتماعات کی سیکیورٹی کے لیے مؤثر اور جامع اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام اپنے مذہبی فرائض اور عقیدت کا اظہار پرامن ماحول میں انجام دے سکیں۔

