پیرس(نمائندہ خصوصی):فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نےپاکستان، فرانس اور فرانسیسی بولنے والی (فرانکوفون ) وسیع تر دنیا کے درمیان روابط کے فروغ کی اہمیت اجاگر کرتے کہا ہے کہ پیشہ ور افراد، ماہرینِ تعلیم،
کاروباری شخصیات اور سول سوسائٹی باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے، عوامی سطح پر روابط بڑھانے اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فرانس میں پاکستان کے سفارتخانے میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ایسوسی ایشن آف پاکستانی فرانکوفون پروفیشنلز (AFFP) سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے ایسوسی ایشن کی جانب سے پیشہ ورانہ روابط کے فروغ اور ثقافتی مکالمے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستانی برادری کے ارکان کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا کہ وہ مقامی جمہوری عمل، بشمول مقامی انتخابات، میں فعال شرکت کر رہے ہیں اور فرانسیسی معاشرے میں اپنی خدمات کے ساتھ ساتھ پاکستان اور فرانس کے دیرینہ دوستانہ تعلقات میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔

